لیسکونے صارفین کی سہولت کیلئے ضلع قصور میں جدید کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم متعارف کرانے کا اعلان کر دیا

اس جدید سسٹم سے صارفین کی شکایات کا بروقت اور تیز ترین حل ممکن ہو گا ‘افسران صارفین کی شکایات کی خود نگرانی کرینگے ‘غفلت اور سستی کا مظاہرہ کرنیوالے افسران و ملازمین کیخلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائیگی ‘چیف ایگزیکٹو لیسکو واجد علی کاظمی

جمعرات 27 جولائی 2017 21:44

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2017ء) لیسکونے صارفین کی سہولت کیلئے ضلع قصور میں جدید کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم متعارف کرانے کا اعلان کر دیا ‘اس جدید سسٹم سے صارفین کی شکایات کا بروقت اور تیز ترین حل ممکن ہو گا ‘افسران صارفین کی شکایات کی خود نگرانی کرینگے ‘غفلت اور سستی کا مظاہرہ کرنیوالے افسران و ملازمین کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائیگی نیز اس نئے نظام سے صارفین کی شکایات اور انکے حل کیلئے کئے گئے اقدامات کا ڈیٹا محفوظ بنایا جا سکے گا ۔

اس جدید ترین نظام کے بارے آگاہی اور بہتری کیلئے عوام الناس کی تجاویز بارے گزشتہ روز ضلع کونسل ہال میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا ۔ جس میں چیف ایگزیکٹو لیسکو لاہور ریجن واجد علی کاظمی ‘ڈائریکٹر جنرل ایمپلی منٹیشن لیسکو خالد محمود ناصر ‘کسٹمر سروسز ڈائریکٹر مرزا خالد ‘ایس ای سرکل لیسکو قصور نذیر احمد خاں لودھی‘وائس چیئر مین ضلع کونسل ملک اعجاز احمد خاں ‘ایکسئینز جمشید زمان ‘شفقت محمود ‘احمد شہزاد چغتائی ‘اشفاق احمد ’امان اللہ شیخ ‘ضلع کونسل ‘میونسپل کمیٹی کے ممبران ‘انجمن تاجران کے عہدیداران ‘میڈیا نمائندگان اورعوام الناس کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو لیسکو واجد علی کاظمی نے کہا کہ لیسکو دن رات عوام الناس کی خدمت کیلئے کوشاں ہے تا ہم شہریوں کو لیسکو سے مختلف شکایات جن میں بجلی کا بند ہونا ‘میٹر ریڈنگ کے مسائل ‘میٹر کا خراب ہونا ‘نئے کنکنشن کے حصول میں مشکلات ‘ڈیمانڈ نوٹس کے اجراء میں سستی وغیرہ شامل ہیں رہتی ہیں جن کو فوری طور پر حل کرنے کیلئے لیسکو کا شعبہ شکایات خدمات سرانجام دیتا ہے مگر ان شکایات بارے ایک محفوظ ڈیٹا نہ ہونے کی وجہ سے اعلیٰ افسران عام طور پر ان شکایات بارے لا علم رہتے ہیں جس سے عوام الناس میں لیسکو کے بارے میں منفی پراپیگنڈا کیا جاتا ہے اس لئے لیسکو قصور سے ایک جدید کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم متعارف کروا رہا ہے جس کے تحت عام صارف بذریعہ ٹیلی فون کالز ‘ایس ایم ایس ‘ای میل یا برائے راست اپنی شکایات درج کروا سکیں گے جس کو ایک مخصوص ٹائم میں حل کرنے کیلئے متعلقہ اہلکاروں کو ہدایات جاری کی جائینگی ۔

اعلیٰ حکام اس سارے عمل کی خود نگرانی کرینگے غفلت اور سستی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و اہلکاروں کے خلاف محکمانہ سخت کاروائی عمل میں لائی جائیگی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس جدید سسٹم کا ضلع قصور سے آغاز کیا جا رہا ہے بعدازاں اس سسٹم کو پورے پنجاب میں متعارف کروایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ لیسکو اہلکاروں کی سہولت کیلئے انہیں ضروری سامان اورٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی جائیگی تا کہ وہ بروقت عوامی شکایات کو حل کر سکیں ۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس جدید سسٹم میں عوام کی طرف سے کی جانیوالی شکایات اور لیسکو حکام کی جانب سے ان کے حل کیلئے کئے جانیوالے اقدامات بارے ڈیٹا محفوظ ہو گا جس کی مد د سے افسران و اہلکاران کی کارکردگی کا جائزہ ممکن ہوگا۔ اس موقع پر حاضرین نے نئے جدید سسٹم کو متعارف کروانے پر لیسکو حکام کا شکریہ ادا کیا اور اپنے مکمل تعاون کر یقین دلایا ۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں