قصور،نئی دلہن کے اندھے قتل کا ڈراپ سین ،سفاک خاوند ہی بیوی کا قاتل نکلا

پولیس نے ملزم کو ٹریس کر کے ساتھی سمیت گرفتار کر کے آلہ قتل برآمد کرلیا

پیر 10 جولائی 2017 20:55

قصور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2017ء) قصورکے نواحی گائوں نظام پورہ میں نئی نویلی دلہن کے اندھے قتل کا ڈراپ سین ،سفاک خاوند ہی بیوی کا قاتل نکلا ،پولیس نے ملزم کو ٹریس کر کے ساتھی سمیت گرفتار کر کے آلہ قتل برآمد کرلیا ،سالی کیساتھ شادی کرنا چاہتاتھا خاوند کا انکشاف۔ تفصیلات کے مطابق 27جون کو مسمی امان اللہ ولد محمد حنیف سکنہ سدھا اوتاڑ نے تھانہ صدرچونیاںمیں اطلاع دی کہ سائل کی بہن مسمات روبینہ بی بی کی شادی محمد آصف کیساتھ ہوئی ،20 رمضان المبارک کے روز اس کا خاوند آصف بہن روبینہ کو ہمارے پاس گائوں چھوڑ گیا 27جون عید کے دوسرے روز دوپہر کے وقت میری بہن روبینہ بی بی کو فون آیا جو فون سنتے سنتے گھر سے چلی گئی کافی دیر تک واپس نہ آئی تو تشویش لاحق ہونے پر تلاش کرتے کرتے نظام پورہ فصل بانس میں مردہ حالت میں پایا جس کو نامعلوم ملزمان نے تیز دھار آلہ سے گلا کاٹ کر قتل کردیا ۔

(جاری ہے)

پولیس نے فوری طور پر مقدمہ درج رجسٹر کر لیا اور ملزمان کی گرفتار ی کیلئے ڈی پی اوقصور سید علی ناصررضوی کی ہدایت پر ایک تفتیشی ٹیم تشکیل دی گئی ۔تفتیشی ٹیم نے جدید اور روائتی تفتیش کے ہر طریقہ کو اپنایا، جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور ماڈرن ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے مقتولہ کو آنے والی آخری کالیں چیک کی گئیں جو اس کے خاوند کی تھیں جس پر شک کی بناء پر مقتولہ کے خاوندآصف کوشامل تفتیش کیا گیا جس نے دوران انٹیروگیشن انکشاف کیا کہ میرے اپنی سالی کیساتھ ناجائز تعلقات تھے اور میں اسکے ساتھ شادی کرنا چاہتا تھا اور اس مقصد کے حصول کیلئے اپنی بیوی کو راستہ سے ہٹانا ہی واحد راستہ تھا جس پر میں نے اپنی بیوی کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا اور27جون عید کے دوسرے روز میں نے اپنی بیوی کو فون کر کے گھر سے باہر بلایااور فصل بانس میں لیجاکر وہاں پر پہلے سے موجود اپنے ساتھی نوید کی مدد سے گلہ کاٹ کر قتل کردیا اورموقعہ سے فرار ہوگئے۔

اس طرح قصور پولیس نے ایک ہفتہ کے انتہائی قلیل وقت کے دوران دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے آلہ قتل برآمد کرلیا ۔ ڈی پی اوقصور سید علی ناصررضوی نے اس اندوہناک واقعہ کو ایک ہفتہ میں ٹریس کرکے ملزمان کو گرفتار کرنے پر تفتیشی ٹیموں کیلئے نقد انعام اور تعریفی سرٹیفکیٹ کا اعلان بھی کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں