ڈپٹی کمشنر عمارہ خان اور چیئر مین ضلع کونسل رانا سکندر حیات خاں کے زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا اجلاس

ضلعی حکومت متوقع سیلاب سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے ‘لوگوں کے جان و مال کی حفاظت کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائیگا ‘ڈپٹی کمشنر عمارہ خان ‘چیئر مین ضلع کونسل رانا سکندر حیات خاں

جمعرات 6 جولائی 2017 22:11

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جولائی2017ء) ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان اور چیئر مین ضلع کونسل رانا سکندر حیات خاں کے زیر صدارت دریائے ستلج میں ممکنہ سیلاب کے حوالے سے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا اجلاس گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سید موسیٰ رضا ‘چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجو کیشن ذوالفقار علی ‘چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر عبدالمجید ‘اسسٹنٹ کمشنر قصور امتیاز احمد کھچی ‘اے سی چونیاں عائشہ غضنفر ‘اے سی کوٹ رادھا کشن سیف اللہ ساجد ‘ڈسٹرکٹ آفیسر ریسکیو 1122‘پاکستان آرمی ‘پولیس ‘سول ڈیفنس ‘ محکمہ انہار، واپڈا اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں متوقع سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام انتظامات کاتفصیلاً جائزہ لیا گیا اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا گیا ۔ ڈپٹی کمشنر عمارہ خان نے محکمہ ہیلتھ ، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس ، واپڈا ، زراعت ،لائیو سٹاک ،ریونیو ،میونسپل کمیٹیز اور دیگر محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ممکنہ سیلاب کے پیش نظر اپنے تمام انتظامات کو حتمی شکل دیکر رپورٹ کریں ۔

انہوں نے کہا کہ ممکنہ سیلاب کیلئے انتظامات کرتے ہوئے حکومت پنجاب کی ہدایات پر سختی سے عمل کیا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ سیلاب کی صورت میں کسی قسم کا جانی و مالی نقصان نہ ہو۔ سی ای او ہیلتھ کو ہدایت کی کہ ممکنہ سیلاب کے پیش نظر ہر قسم کی ادویات کا وافر مقدار میں سٹاک کیا جائے اور پیرا میڈیکل سٹاف اور ڈاکٹرز کی ڈیوٹیوں کا چارٹ بنا کر فراہم کیا جائے اسی طرح محکمہ لائیو سٹاک کو جانوروں کیلئے چارہ ‘ونڈا اور ویکسی نیشن مکمل کرنے کی ہدایات کیں ۔

ریسکیو 1122کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ تمام ملازمین کو 24گھنٹے الرٹ رکھیں گے اور اسی طرح محکمہ سول ڈیفنس کا عملہ بھی الرٹ رہیگا ۔اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر اپنے لیول پر تحصیل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹی قائم کریں اور تمام مشینری کو خود چیک کر کے سرٹیفکیٹس دیں۔ڈپٹی کمشنر عمارہ خان اور چیئر مین ضلع کونسل رانا سکندر حیات نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ متوقع سیلاب سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے ۔ایسے علاقے جہاں سیلاب کا خطرہ ہو گا وہاں کے لوگوں اور انکے مال مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کیلئے تمام اقدامات بروئے کار لائے جائینگے ۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں