کسانوں کو جدید طریقہ زراعت سے روشناس کرنے کیلئے بھرپور مہم چلائی جائے ‘عمارہ خان

حکومت پنجاب کی کسان دوست پالیسیوں سے شعبہ زراعت میں بہتری آرہی ہے ‘زرعی قرضہ جات کی فراہمی ‘کسان کارڈ کے اجراء ‘سبسڈی ریٹس پر کھادوں ‘بیچ اور زرعی آلات کی فراہمی سے کسانوں کا معیار زندگی بلند ہو ا ہے ‘ڈسٹرکٹ ایڈوائزری کمیٹی / سب کمیٹی ٹاسک فورس کے اجلاس سے خطاب

پیر 3 جولائی 2017 20:21

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2017ء) ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کسانوں کی فلاح و بہبود کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے ‘زرعی ادویات اور کھادوں کی کوالٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا ‘ضلع بھر میں حکومت کے اعلان کردہ سبسڈی ریٹ پر کھادوں کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائیگا‘خلاف ورزی کرنیوالوں کو کیفر کردار تک پہنچانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائیگی۔

یہ بات انہوں نے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر کمیٹی روم میں ڈسٹرکٹ ایڈوائزری کمیٹی / سب کمیٹی ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سید موسیٰ رضا ‘ڈی ایس پی سٹی عبدالقیوم ‘ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع احمد نوید امجد ‘ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر خالد بشیر ‘ڈپٹی ڈائریکٹر واٹر مینجمنٹ رانا تجمل ‘اسسٹنٹ سوائل کیمسٹ ڈاکٹر اعجاز محبوب ‘اسسٹنٹ ڈائریکٹر اعجاز علی ‘کسانوںاور کھاد و زرعی ادویات ڈیلرز کے نمائندگان اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع نے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں ایک خصوصی مہم کے دوران گندم کے بیماریوں سے پاک بیچ کے 2380بیگ کسانوں میں تقسیم کئے گئے اسی طرح 338زرعی آلات 50فیصد رعایتی نرخوں پر کسانوں کو دیئے گئے ۔ ٹنل ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے 37نمائشی پلاٹس لگائے گئے گھروں ‘باغیچوں میں موسمی سبزیاں اوگانے کیلئے بیچ کے تقریبا 6400پیکٹ تقسیم کئے گئے ۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بلا سود قرضوں کیلئے اب تک ایل آر ایم آئی ایس پر 11ہزار 695زمینداروں کی رجسٹریشن ہو چکی ہے اور تقریبا 3ہزار 35زمینداروں کو 240ملین روپے بلا سود قرض دیا جا چکا ہے ۔ اسی طرح کسان کارڈز کیلئے 1963زمینداروں کی رجسٹریشن ہو چکی ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ شعبہ زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے رواں سال کے دوران 21ہزار 511نمونہ جات مٹی برائے تجزیہ لیکر کسانوں کی رہنمائی کی گئی ہے ۔

اس موقع پرڈپٹی کمشنر عمارہ خان نے تمام متعلقہ افسران کو حکم دیا کہ ضلع بھر میں کسان بھائیوں کو معیاری زرعی ادویات اور کھادوں کی مقررہ قیمتوں پر فراہمی کو ہر صورت یقینی بنائیں اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی سستی یا کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شعبہ زراعت میں ہونیوالی انقلابی تبدیلیوں اور حکومت پنجاب کے کسانوں کی فلاح و بہبود کیلئے کئے گئے اقدامات بارے عوام الناس کو زیادہ سے زیادہ آگاہی دی جائے تا کہ کسان جدید طریقہ زراعت سے مستفید ہو سکیں ۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں