سستے رمضان بازاروں میں تمام اشیاء کی وافر مقدار میں فراہمی کو یقینی بنایا جائے ‘ملک ندیم کامران

ذخیرہ اندوزوں اور گرانفروشوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے ‘صارفین کے حقوق کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنایا جائیگا ‘صوبائی وزیر کی سستے رمضان بازاروں کے دورہ کے موقع پر گفتگو

منگل 20 جون 2017 22:00

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2017ء)صوبائی وزیر پلاننگ و ڈویلپمنٹ ملک ندیم کامران نے کہا ہے کہ سستے رمضان بازاروں میں پھلوں ، سبزیوں اور دیگر اشیاء کی طلب اور رسد پر چیک رکھا جائے تا کہ کسی بھی چیز کی قلت پیدا نہ ہو‘پنجاب حکومت نے آٹے ‘ چینی اور دیگر اشیاء پر سبسڈی دی ہے ضلعی انتظامیہ اس بات کو یقینی بنائے کہ اس کا فائدہ عام آدمی تک پہنچے ‘ذخیرہ اندوزوں اور گرانفروشوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے ‘صارفین کے حقوق کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنایا جائیگا ‘رمضان بازاروں میں تمام اشیائے خوردونوش مارکیٹ سے کم قیمت پر دستیاب ہیں اور انکی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا رہا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز قصور میں ماڈل بازار اور ریلوے اسٹیشن سستے رمضان بازاروں کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو حاجی نعیم صفدر انصاری ‘ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سید موسیٰ رضا ‘اسسٹنٹ کمشنر قصور امتیاز احمد کھچی ‘چیئر مین میونسپل کمیٹی ایاز خان ‘چیئر مین بیت المال ناصر محمود خاں و دیگر بھی موجود تھے ۔

صوبائی وزیر ملک ندیم کامران نے کہا کہ پنجاب بھر کے رمضان بازاروں کو اعلیٰ سطح پر مانیٹر کیا جا رہا ہے اور روزانہ کی بنیاد پر وزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف کو ان سستے رمضان بازاروں کے حوالے سے بریفنگ دی جاتی ہے اور وہ خود بھی ان رمضان بازاروں کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں تا کہ حکومت کی جانب سے دی گئی سبسڈی کے ثمرات عام آدمی تک پہنچ سکیں ۔

صوبائی وزیر نے انتظامیہ کو ہدایت کہ وہ تمام رمضان بازاروں میں پھلوں ، سبزیوں ، گوشت ، دالوں ، گھی ، آٹا، چینی سمیت تمام اشیائے خوردونوش کی وافر مقدار میں فراہمی کو یقینی بنائے۔انہوں نے اس موقع پر صارفین سے رمضان بازاروں کی افادیت ، اہمیت اور حکومت کی طرف سے دی جانیوالی سبسڈی کے بارے میں بھی دریافت کیا ۔ صوبائی وزیر نے رمضان بازاروں کی سیکورٹی ‘ پارکنگ ‘ خواتین اور بزرگوں کے بیٹھنے کے مقامات کا بھی جائزہ لیا اور اطمینان کا اظہار کیا ۔

انہوں نے رمضان بازاروں کی انتظامیہ کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ان سستے رمضان بازاروں میں اشیائے خورونوش کی وافر مقدار میں فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔صوبائی وزیر نے سستے رمضان بازاروں میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے بہترین انتظامات کرنے پر ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا ۔ قبل ازیں صوبائی وزیر ملک ندیم کامران کی زیر صدارت رمضان المبارک کے موقع پر ضلع بھر میں لگائے گئے سستے رمضان بازاروں کے حوالے سے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ڈپٹی کمشنر کمیٹی روم میں اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں تمام متعلقہ افسران نے شرکت کی اور سستے رمضان بازاروں میں کئے گئے انتظامات بارے بریفنگ دی ۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں