ڈپٹی کمشنر عمارہ خان کا سبزی و فروٹ منڈی اور سستے رمضان بازاروں کا دورہ ‘پھلوں ، سبزیوں کی قیمتوں اور کوالٹی کا جائزہ لیا

ضلع بھر کے تمام رمضان بازاروں میں روزانہ سینکڑوں افراد معیاری اشیاء کی سستے داموں خریداری کر رہے ہیں ‘ڈپٹی کمشنر عمارہ خان

جمعہ 16 جون 2017 17:54

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2017ء)ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان کا سبزی و فروٹ منڈی اور سستے رمضان بازاروں کا دورہ ‘پھلوں ، سبزیوں اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں اور کوالٹی کا جائزہ لیا ۔تفصیل کے مطابق ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان نے علی الصبح سبزی و فروٹ منڈی کا دورہ کیا ۔ پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں اور کوالٹی کو چیک کیا اور نیلامی کے عمل کا جائزہ لینے کیساتھ ساتھ اشیاء کے معیار اور قیمتوں کے بارے میں معلومات حاصل کی ۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر قصور نے زمینداروں ور آڑھتیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ماہ صیام میں عوام الناس کو معیار ی پھل اور سبزیاں سستے داموں فراہم کرنے کیلئے منڈی سے ہی رضا کارانہ طور پر قیمتیں کم رکھی جائیں تا کہ عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے ۔

(جاری ہے)

بعدازاں ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان نے ریلوے اسٹیشن ‘ماڈل بازار اور مصطفی آباد کے سستے رمضان بازاروں کا دورہ کیا اور وہاں صفائی ستھرائی ‘اشیائے خورونوش کی دستیابی اور عوام کو دی جانیوالی سہولیات کا جائزہ لیا ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ضلع بھر میں تمام رمضان بازاروں میں روزانہ سینکڑوں افراد معیاری اشیاء کی سستے داموں خریداری کر رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ رمضان بازاروں میں دستیاب اشیائے خوردونوش کی کوالٹی اور ارزاں نرخوں پر وافر مقدار میں دستیابی کی وجہ سے لوگوں کا خریداری کا رجحان بہت زیادہ بڑھ چکا ہے اور ضلعی انتظامیہ کی بھرپور کوشش ہے کہ رمضان بازاروں میں کسی قسم کی قلت نہ ہو ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف کی خصوصی ہدایت پر غریب عوام کی سہولت کے کیلئے ضلع بھر میں لگائے گئے رمضان بازاروں میں عوام کی دلچسپی اس بات کی مظہر ہے کہ حکومتی اقدامات در اصل عام آدمی کی سہولت اور ضروریات کو مد نظر رکھ کر کئے جا رہے ہیں تا کہ عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جا سکے ۔ عوام کو ناجائز منافع خوروں سے بچانے کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے اپنی کوششیں تیز کر دی ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر عام مارکیٹوں کا دورہ کر کے ناجائز منافع خوروں کے خلاف بھر پور کاروائی کر رہے ہیں ۔ ضلعی انتظامیہ تمام رمضان بازاروں کی مسلسل مانیٹرنگ کر رہی ہے تا کہ عوام کو سستی اشیاء خورونوش کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے ۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں