ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں بچوں کو قطرے پلا کر تین روزہ پولیو مہم کا افتتاح کر دیا

پولیو کا خاتمہ ہمارا قومی فریضہ ہے ، تمام طبقات کے لوگ پولیو کے خاتمے میں اپنا قومی کردار ادا کریں ،ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان

اتوار 14 مئی 2017 15:10

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2017ء) ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں بچوں کو قطرے پلا کر تین روزہ پولیو مہم کا افتتاح کر دیا ہے ۔ اس موقع پرچیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر عبدالمجید ‘ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر جاوید اقبال ‘چیئر مین فسیلیٹیشن کمیٹی برائے ہیلتھ افضال حسین زین ‘ڈسٹرکٹ سرویلنس آفیسر و انچارج پولیو مہم ڈاکٹر محمد خالد‘ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر نذیر احمد ‘ڈسٹرکٹ اینٹا مالوجسٹ محمد خرم ابراہیم اور دیگر محکمہ صحت کے افسران نے شرکت کی ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عمارہ خان نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ ہمارا قومی فریضہ ہے ۔تمام طبقات کے لوگ پولیو کے خاتمے میں اپنا قومی کردار ادا کریں ۔

(جاری ہے)

پولیو کے خاتمے کیلئے ہم سب کو مربوط حکمت عملی کے تحت کام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ والدین پولیو مہم کے دوران اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو جسمانی معذوری سے بچانے کیلئے لازمی طور پر پولیو ویکسین کے حفاظتی قطرے پلوائیں اور پولیو کے موذی مرض کے خاتمے کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کریں ۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ ضلع قصور میں تین روزہ پولیو مہم 15 سے 17مئی 2017ء تک منعقد ہو رہی ہے جبکہ 18مئی کو فالو اپ ہوگا۔ اس مہم کے دوران ضلع بھر میں پانچ سال سے کم عمر 6لاکھ10ہزار 245بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائینگے جس کیلئے تمام انتظامات مکمل ہیں مہم کو کامیاب بنانے کیلئے 246ایریا انچارجز ،1179موبائل ٹیمیں ، 125فکسڈ ٹیمیں ، 54ٹرانزٹ ٹیمیں اور مجموعی طور پر 1358ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں جو گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائینگی ۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں