ڈپٹی کمشنر عمارہ خان اور ڈی پی او سید علی ناصر رضوی کے زیر صدارت رمضان المبارک کے سلسلہ میں ڈسٹرکٹ امن کمیٹی کا اجلاس

ضلعی انتظامیہ اور پولیس رمضان المبارک کے دوران اشیاء خوردونوش کی سستے داموں فراہمی کو یقینی بنائے گی ‘ضلع کو امن کا گوارہ بنا دینگے‘پولیس کا ہر جوان دہشتگردوں اور امن دشمنوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر شہریوں کو تحفظ فراہم کریگا‘ڈپٹی کمشنر عمارہ خان ‘ ڈی پی او سید علی ناصر رضوی کا اجلاس سے خطاب

اتوار 14 مئی 2017 15:10

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2017ء) ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان اور ڈی پی او سید علی ناصر رضوی کے زیر صدارت رمضان المبارک کے سلسلہ میں ڈسٹرکٹ امن کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز ڈی پی ایس سکول کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوا ۔ جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالسلام عارف ‘اسسٹنٹ کمشنر قصور امتیاز احمد کھچی ‘اے سی کوٹ رادھاکشن سیف اللہ ساجد ‘ڈی ایس پی صدر مرزا عارف رشید ‘چیئر مین مارکیٹ کمیٹی ناصر محمود خاں ‘وائس چیئرمین جمیل احمد خاں ‘ ممبران امن کمیٹی ، علماء اکرام ‘انجمن تاجران کے عہدیداروں ‘صحافیوںاور دیگر نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر عمارہ خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک میں سیکورٹی کے حوالے سے پولیس کیساتھ ملکر بہترین انتظامات کئے گئے ہیں تا کہ امن دشمن عناصر کو انکے مذموم مقاصد میں کامیابی نہ مل سکے ۔

(جاری ہے)

اسی طرح پنجاب حکومت کی طرف سے اشیاء خوردونوش پر دی گئی سبسڈی پر ضلعی انتظامیہ پولیس کیساتھ ملکر ہر صورت عملدرآمد کروائے گی تاکہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں شہری اپنی روز مرہ کی اشیاء ارزاں نرخوں پر خرید سکیںاور ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کو جرمانوں کی بجائے جیل بھیجا جائیگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سستے رمضان بازاروں میں صفائی ستھرائی ، چیزوں کا معیار اور عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائیگی ۔ڈی پی او سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ ضلعی امن کمیٹی کے ممبران اور یہاں کے شہری جنون کی حد تک امن پسند ہیں اس لئے انہیں واثق یقین ہے کہ وہ انکی مدد سے ضلع قصور کو امن کا گوارہ بنائینگے ۔

انہوں نے رمضان المبارک کے حوالے سے سیکورٹی انتظامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کا ہر جوان دہشتگردوں اور امن دشمنوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر شہریوں کو تحفظ فراہم کریگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہم سب جذبہ حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہیں اور ہمیشہ اپنے وطن کیلئے خون کا آخری قطرہ بہانے سے گریز نہیں کرینگے ۔ اجلاس میں ممبران امن کمیٹی اورانجمن تاجران کے عہدیداروں کی طرف سے ضلعی انتظامیہ کو یقین دلایا گیا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں پہلے کی طرح اب بھی امن اور بھائی چارے کو فروغ دیا جائیگا ۔امن کمیٹی کے ممبران نے اجلاس میں اپنی اپنی تجاویز بھی دیں جس پر فوراً عملدرآمد کی یقین دہانی کروائی گئی ۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں