ڈپٹی کمشنر کی خصوصی ہدایات ‘محکمہ ہیلتھ اور ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفس کے زیر اہتمام ڈینگی آگاہی واک کا اہتمام

احتیاطی تدابیر اختیار کر کے ڈینگی جیسے موذی مرض سے بچا جا سکتا ہے ‘شرکاء کا ڈینگی واک سے خطاب

بدھ 3 مئی 2017 19:18

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2017ء) ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں محکمہ ہیلتھ اور ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفس کے زیر اہتمام گزشتہ روز ڈینگی آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا ۔ جس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر عبدالمجید ‘ایم ایس ڈاکٹر جاوید اقبال ‘ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر چوہدری عبدالواحد ‘چیئر مین پبلک فسیلیٹیشن کمیٹی برائے ہیلتھ افضال حسین زین ‘ڈسٹرکٹ اینٹا مالوجسٹ محمد خرم ابراہیم ‘ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد نذیر ‘ڈاکٹرز ، نرسز ‘پیرا میڈیکل سٹاف اورعوام الناس کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

ڈینگی آگاہی واک ڈی ایچ کیو ہسپتال سے شروع ہو کر قصور گارڈن پارک تک منعقد کی گئی ۔ اس موقع پر عوام الناس کو ڈینگی سے بچائو کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے بارے میں آگاہی دی گئی اور پمفلٹس بھی تقسیم کئے گئے ۔

(جاری ہے)

واک کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ڈینگی ایک قابل علاج مرض ہے اور ہم احتیاطی تدابیر اختیار کر کے اس بیماری سے بچ سکتے ہیں ۔ انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ عوام الناس کو ڈینگی سے بچائو کی احتیاطی تدابیر کے بارے میں زیادہ سے زیادہ آگاہ کر یں اور اس پیغام کو گھر گھر پہنچا کر ہی ہم شہر کو ڈینگی جیسے موذی مرض سے بچا سکتے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں