ڈپٹی کمشنر عمارہ خان نے متعلقہ عملے کو اپنے کوائف فراہم کرکے ضلع میں مردم شماری کا باقاعدہ آغاز کر دیا

مردم شماری کا عملہ گھر گھر جا کر سربراہ کا نام ، شناختی کارڈ نمبر ، تعلیمی قابلیت ، پیشہ ،رہائش پذیر افراد کا ڈیٹا ،کچی پکی دیواریں ، ریڈیو ، ٹی وی ، موبائل ، کمپیوٹر ، انٹر نیٹ کنکشن کی تعداد کے بارے میں معلومات کا انداج کریگا ‘عمارہ خان کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 28 اپریل 2017 16:57

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2017ء) ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان نے متعلقہ عملے کو اپنے کوائف فراہم کرکے ضلع میں مردم شماری کا باقاعدہ آغاز کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان نے گزشتہ روز اپنے گھر کے مین دورازے پر آکر مردم شماری کے متعلقہ عملے کو اپنے کوائف فراہم کر کے ضلع قصور میں مردم شماری کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے ۔

انہوں نے اپنے اور اہل خانہ کے تمام کوائف اور رہائش گاہ کے بارے میں تفصیلاً معلومات فراہم کیں ۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عمارہ خان نے کہا کہ ضلع بھر میں خانہ شماری کا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہو چکا ہے اور آج سے مردم شماری کا باقاعدہ آغاز کیا جا رہا ہے جو 24مئی 2017ء تک جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

اس مہم کے دوران مردم شماری کا عملہ گھر گھر جا کر گھر کے سربراہ کا نام ، شناختی کارڈ نمبر ، تعلیمی قابلیت ، پیشہ ،رہائش پذیر افراد کا ڈیٹا ،کچی پکی دیواریں ، ریڈیو ، ٹی وی ، موبائل ، کمپیوٹر ، انٹر نیٹ کنکشن کی تعداد کے بارے میں معلومات کا انداج کریگا ۔

انہوں نے کہا کہ مردم شماری کے عمل میں پاک فوج کی خدمات قابل تعریف ہیں اور اس بات میں کوئی شک نہیں کہ پاک فوج کی شمولیت سے مردم شماری میں شفافیت کو سوفیصد یقینی بنانے میں بہت مدد ملی ہے یہی وجہ ہے کہ ہر بلاک میں ایک فوجی جوان مردم شماری کے عملے کیساتھ تعینات کیا گیا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ مردم شماری کیلئے گھر کے سربراہ کا قومی شناختی کارڈ دیکھا جائیگا اور اگر دستیاب نہ ہو تو اہل خانہ کو کوئی ایسی دستاویز فراہم کرنا ہوگی جس سے گھر کے سربراہ کی شناخت کی تصدیق ہو سکے ۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ مردم شماری کے عملے کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ فراہم کردہ معلومات سو فیصد درست ہوں ۔انہوں نے واضح کیا کہ غلط معلومات دینے پر چھ ماہ قید اور 50ہزار جرمانہ بھی ہو سکتا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ ضلع بھر میں مردم شماری کے عمل کے دوران مدارس میں قیام پذیر اساتذہ اور طلباء ، جیل میں موجود قیدیوں ،بے گھر افراد اورخانہ بدوشوں کے بارے میں بھی معلومات اکٹھی کی جائینگی ۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں