قصورمیں خانہ و مردم شماری کے دوسرے مرحلے کا آغاز

منگل 25 اپریل 2017 16:42

قصورمیں خانہ و مردم شماری کے دوسرے مرحلے کا آغاز
قصور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2017ء) ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان نے ڈی سی ہائوس پر نمبر لگا کر خانہ و مردم شماری کے دوسرے مرحلے کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے ڈی سی ہائوس کو 001نمبر لگایا اور خانہ شماری کے عملے کے سوالات کے جوابات دیئے ۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمارہ خان نے کہا کہ ضلع بھر میں چھٹی خانہ و مردم شماری 2017ء کیلئے تمام انتظامات مکمل ہیں اور آج سے تربیت یافتہ عملہ خانہ شماری کا باقاعدہ آغاز کر رہا ہے ۔

ضلع قصورمیں خانہ و مردم شماری کے فیز IIمیں 2بلاک بنائے گئے ہیں اور تربیت یافتہ عملہ بلاکI میں I25 اپریل تا 8مئی اور بلاک II میں 9مئی تا 24مئی خدمات سرانجام دیگا۔ سٹاف کی تفصیل بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضلع میں مجموعی طور پر 43چارج مردم شماری ‘290سرکل مردم شماری اور 2851بلاکس بنائے گئے ہیں ہر بلاک 200سے 250گھرانوں پر مشتمل ہے ۔

(جاری ہے)

اسی طرح خانہ و مردم شماری کیلئے ضلع قصور میں47چارج سپرنٹنڈنٹس ‘ 335سرکل سپروائزر ‘ 1570شمار کنندگان کوتعینات کیا گیا ہے جس میں 15فیصد ریزرو سٹاف بھی شامل ہے ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ اس مہم کے دوران مردم شماری کیلئے گھروں میں آنے والے اہلکار گھر کے سربراہ کا شناختی کارڈ دیکھ کر اسکا نام ‘رہائش پذیر افراد کا ڈیٹا اور دیگر معلومات کا اندراج کرینگے ۔اس کیلئے سربراہ کا شناختی کارڈ گھر میں ہونا ضروری ہے اور اگر وہ دستیاب نہ ہو تو انہیں کوئی بھی ایسی دستاویز فراہم کرنا ہو گی جس سے ان کی شناخت کی تصدیق ہو سکے ۔

اس موقع پر پاک آرمی سے میجر شاکر ‘ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریو نیو سید موسیٰ رضا ، اسسٹنٹ مردم شماری کمشنر قصور عبدالنوید چوہدری ، اسسٹنٹ کمشنر قصور امتیاز احمد کھچی ، تحصیل آفیسر مردم شمار ی قصور محمد رضوان اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔ اس کے علاوہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز نے بھی اپنی اپنی تحصیلوں میں خانہ و مردم شماری کا آغاز کردیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں