ڈپٹی کمشنر عمارہ خان کا گندم خریداری سینٹروں کا اچانک دورہ ‘تمام انتظامات کا جائزہ لیا

میرٹ پر باردانہ کی تقسیم ہو گی ‘حکومت گندم خریداری مہم کے دوران کسانوں کو تمام سہولتیں فراہم کر رہی ہے ‘عمارہ خان

منگل 25 اپریل 2017 13:35

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2017ء)ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان کا گزشتہ روز ریلوے اسٹیشن قصور اور بیدیاں گندم خریداری سینٹروں کا اچانک دورہ ‘تمام انتظامات کا جائزہ لیا ۔ڈپٹی کمشنر نے ریلوے اسٹیشن قصور اور بیدیاں خریداری گندم سنٹر وں کا ہنگامی دورہ کیا اور وہاں پر گندم خریداری کیلئے کئے گئے تمام انتظامات اور کسانوں کو دی جانیوالی سہولیات کا جائزہ لیا۔

انہوں نے اس موقع پر کسانوں کے مسائل سنے اور انہیں فوری حل کرانے کی یقینی دہانی کروائی ۔انہوں نے سینٹروں پر عملے کی حاضری ، باردانہ رجسٹر ز، گوداموں کی صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات کو چیک کیا ۔ اس موقع پر انکے ہمراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالسلام عارف ‘اسسٹنٹ کمشنر قصور امتیاز احمد کھچی اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر عمارہ خان نے اس موقع پر کسانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گندم خریداری مہم کے دوران باردانہ کی تقسیم میرٹ پر ہو گی اور اس عمل کے دوران کسی بھی قسم کی بدعنوانی یا کرپشن برداشت نہیں کی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں گندم خریداری مہم کے دوران کسانوں کو تمام سہولتیں فراہم کی جائینگی اور اس بات کو یقینی بنایا جائیگا کہ کسانوں سے ایک شفاف عمل کے ذریعے گندم کی خرید کی جائے اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کا دبائو برداشت نہیں کیا جائیگا ۔

انہوں نے ٹائوٹ مافیا اور نام نہاد آڑھتی سسٹم کے گندم خریداری پر اثر انداز ہونے کے تاثر کو یکسر مسترد کر دیا اور کہا کہ کسانوں سے گندم کی خریداری 100فیصد میرٹ پر ہو گی ۔انہوں نے مزید کہا کہ کسانوں کو انکی فصل کا فوری معاوضہ ادا کرنے کیلئے بینکوں کو بھی خصوصی انتظامات کی ہدایت کی گئی ہے تا کہ کسان کسی پریشانی کے بغیر اپنا معاوضہ حاصل کر سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع قصور میں گندم خریداری کا ہدف 95ہزار میٹرک ٹن مقرر کیا گیا ہے اور اسے پور ا کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائینگے اورباردانہ کی ترسیل پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر کی جا رہی ہے ۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں