اسسٹنٹ کمشنر امتیاز احمد کچھی کے زیر صدارت ڈینگی تدارک کے حوالے سے جائزہ اجلاس

ہفتہ 15 اپریل 2017 18:13

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2017ء) اسسٹنٹ کمشنر قصور امتیاز احمد کچھی کے زیر صدارت ڈینگی تدارک اور اسکی روک تھام کے حوالے سے تمام ڈیپارٹمنٹس کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ جس میں تمام ضلعی افسران نے شرکت کی ۔ ڈسٹرکٹ اینٹا مالوجسٹ نے اجلاس کو بریفنگ دی ۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر امتیاز احمد کچھی نے اجلاس سے مسلسل غیر حاضر اور ڈینگی سرگرمیوں میں حصہ نہ لینے پر محکمہ لیبر اور سپیشل ایجو کیشن کے افسران کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا ۔

انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ ایس او پیز کے مطابق تمام قبرستانوں میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جائے اورکوئی بھی ایسی جگہ جہاں مچھر پرورش پا سکتا ہے وہاں ڈینگی کی روک تھام کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کی طرف سے جاری کردہ ایس او پیز کے مطابق مختلف علاقوں میں ڈینگی مچھر سے بچائو کیلئے سپرے کروایا جائے ۔

پنجاب ہیلتھ لائن پر رجسٹر ڈ ہونیوالی شکایات پر عدم اطمیان کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے محکمہ ہیلتھ کے افسران کو ہدایت کی کہ ڈینگی مچھر کے متعلق شکایات درج کرنے کیلئے حکومت پنجاب کے ہیلتھ لائن نمبر 080099000کی زیادہ سے زیادہ تشہیر کی جائے تا کہ عوام الناس اپنے مسائل ہیلتھ لائن پر بتا سکیں ۔ انہوں نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ نوٹسز اور ایف آئی آرز درج کروانے کے عمل کو تیز کیا جائے اور ڈینگی کیخلاف مہم کو تمام افسران قومی فریضہ سمجھ کر کریں ۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں