محکمہ ہیلتھ قصور کے زیر اہتمام ماں اور بچے کی بہتر صحت سے متعلق نیوٹریشن ہفتہ منانے کی افتتاحی تقریب کا انعقاد

حکومت پنجاب کی طرف سے نیو ٹریشن ویک منانے کا مقصد ماں اور بچے کی صحت کیلئے گھر گھر آگاہی فراہم کرنا ہے ‘ڈپٹی کمشنر عمارہ خان

منگل 11 اپریل 2017 16:42

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اپریل2017ء) محکمہ ہیلتھ قصور کے زیر اہتمام ماں اور بچے کی بہتر صحت سے متعلق نیوٹریشن ہفتہ منانے کے حوالے سے ایک تقریب گزشتہ روز محکمہ ہیلتھ کے ڈی ایچ ڈی سی ہال میںمنعقد ہوئی ۔ جس میں بطور مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان نے شرکت کی ۔ جبکہ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر عبدالمجید ‘ڈسٹرکٹ کوارڈینیٹر آئی آر ایم این سی ایچ اینڈ نیوٹریشن پروگرام ڈاکٹر ثمرہ خرم ‘ای پی آئی انچارج ڈاکٹر محمد خالد ‘ڈسٹرکٹ اینٹا مالوجسٹ ڈاکٹر خرم ابراہیم ‘ڈی ڈی ایچ او کوٹ رادھاکشن ڈاکٹر محمد اشفاق چوہدری اورلیڈی ہیلتھ سپروائزرز کی کثیر تعداد بھی موجود تھی ۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عمارہ خان نے فیتا کاٹ کر ماں اور بچے کی بہتر صحت اور بچوں کی غذائیت سے آگاہی ہفتے کا افتتاح کیا اور نیشنل پروگرام کے کنٹریکٹ ایمپلائز جن میں لیڈی ہیلتھ سپروائزرز ‘لیڈی ہیلتھ ورکرز اور ڈرائیورز شامل ہیں کو ریگولرز کرنے کے آرڈر تقسیم کئے اور ان کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور انہیں مبارکباد دی ۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عمارہ خان نے کہا کہ ماں اور بچے کی اچھی صحت کیلئے حکومت پنجاب کی طرف سے نیو ٹریشن ویک منانے کا مقصد ماں اور بچے کی صحت کیلئے گھر گھر آگاہی فراہم کرنا ہے تا کہ بچوں کی غذائی قلت کو دوراور ماں اور بچے کی صحت کو بہتر بنایا جا سکے ۔

انہوں نے کہا کہ نیوٹریشن ویک میں ضلع بھر میں محکمہ ہیلتھ کی ٹیمیں گھر گھر جا کر ماں اور بچوں کی غذائی کمی کی جانچ پڑتال کرینگی اور جن بچوں میں غذائی قلت پائی گئی انہیں ڈی ایچ کیو ہسپتال کے سٹبلائزیشن سنٹر میں ریفر کیا جائیگا ۔ چیف ایگزیکٹو ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبدالمجید نے کہا کہ ضلع میں نیوٹریشن ویک16اپریل تک منایا جا رہا ہے جس میں محکمہ ہیلتھ کی ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو وٹا منز مہیا کرینگی اور اس ویک کو منانے کا مقصد ماں اور بچوں کی غذائی قلت کو دور کرنا اور بہتر صحت کیلئے آگاہی فراہم کرنا ہے ۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ کوارڈینیٹر آئی آر ایم این سی ایچ پروگرام ڈاکٹر ثمرہ خرم نے ماں اور بچے کی بہتر صحت کیلئے تجاویز دیں اور کہا کہ مائیں چھ ماہ تک اپنے بچوں کوصر ف اور صرف اپنا دودھ پلائیں اور اس کے بعد بچوں کو نرم غذا دینا شروع کر دیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بھر میں نیو ٹریشن ویک میں چھ ماہ سے چوبیس ماہ تک کے بچوں کو وٹا منز اور معدنیات کے ساشے ‘او آر ایس ،دست اور اسہال میں مبتلا بچوں کو زنک سیرپ دیئے جائینگے اور اس کے ساتھ ساتھ اہل جوڑوں کو مانع حمل /فیملی پلاننگ کی مصنوعات مفت فراہم کی جائینگی ۔

بعدازاں ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان نے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر عبدالمجید ‘پروگرام کوارڈنیٹر ڈاکٹر ثمرہ خرم ‘ای پی آئی انچارج ڈاکٹر محمد خالد ‘ڈسٹرکٹ اینٹا مالوجسٹ محمد خرم ابراہیم اور دیگر افسران میں بہترین کارکردگی پر شیلڈز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کئے ۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں