وزیر اعلی پنجاب مباحثہ ‘تقریر اور مضمون نویسی کے مقابلوں کے سلسلہ میں تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد

وزیر اعلی پنجاب کا سکولوں اور کالجز میں غیر نصابی سرگرمیوں کا انعقاد کروانا احسن اقدام ہے ‘طلباء زندگی میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے محنت اور لگن کا مظاہرہ کریں اور علم کے حصول کو اپنی زندگی کا مشن بنائیں ‘اراکین قومی اسمبلی ملک رشید احمد خاں‘شیخ وسیم اختر کا خطاب

ہفتہ 8 اپریل 2017 22:36

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اپریل2017ء) وزیر اعلی پنجاب مباحثہ ‘تقریر اور مضمون نویسی کے مقابلوں کے سلسلہ میں تقریب تقسیم انعامات گزشتہ روز گورنمنٹ پوسٹ گریجو ایٹ کالج برائے خواتین قصور میں منعقد ہوئی ۔ جس میںرکن قومی اسمبلی ملک رشید احمد خاں نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز طلعت رشید ‘پرنسپل گورنمنٹ پوسٹ گریجو ایٹ کالج برائے خواتین فریحہ سہیل ‘پرنسپل گورنمنٹ سید چراغ شاہ ڈگری کالج برائے خواتین عاصمہ قدوس ‘اساتذہ اور طالبات کی کثیر تعداد بھی موجود تھی ۔

اس موقع پر رکن قومی اسمبلی ملک رشید احمد خاں نے وزیر اعلی پنجاب مبا حثہ ، تقریر اور مضمون نویسی کے مقابلہ جات میں ڈسٹرکٹ ، ڈویژن اور صوبائی سطح پر مقابلوں میں اول ، دوئم اور سوئم پوزیشن ہولڈرطالبات میں نقد انعامات اور سرٹیفکیٹس تقسیم کئے ۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملک رشید احمد خاں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کا سکولوں اور کالجز میں غیر نصابی سرگرمیوں کا انعقاد کروانا احسن اقدام ہے اس سے بچوں کو اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا بہترین موقع ملتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت تعلیم کے میدان میں انقلابی اقدامات کر رہی ہے تا کہ کوئی بھی بچہ زیور تعلیم سے محروم نہ رہ سکے ۔ترقی و خوشحالی کا واحد راستہ تعلیم ہے معیاری اور اعلیٰ تعلیم کا حصول ہر طالب علم کا حق ہے کیونکہ بہترین نظام تعلیم سے ہی ممکن ہے ۔علاوہ ازیں گورنمنٹ اسلامیہ کالج فار بوائز میں بھی وزیر اعلی مباحثہ ، تقریر اور مضمون نویسی کے حوالے سے تقریب تقسیم انعامات منعقد ہوئی جس میں رکن قومی اسمبلی شیخ وسیم اختر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔

جبکہ اس موقع پر وائس چیئر مین میونسپل کمیٹی قصور احمد لطیف ‘پرنسپل کالج ہذا زاہد حسین ‘اساتذہ اور طلباء کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ رکن قومی اسمبلی شیخ وسیم اختر نے اس موقع وزیر اعلی ادبی پروگرام میں اول ، دوئم اور سوئم آنے والے طلباء میں نقد انعامات اور سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شیخ وسیم اختر نے کہا کہ موجودہ حکومت معیار ی تعلیم کے فروغ کیلئے تمام ممکن کوششیں کر رہی ہے اور سرکاری سکولوں اور کالجوں کے فزیکل انفراسٹرکچر ، کوالٹی آف ایجو کیشن اور اساتذہ کی استعداد کار میں بہتری کیلئے ٹیچرز ٹریننگ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔

انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ زندگی میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے حصول تعلیم کیلئے محنت اور لگن کا مظاہرہ کریں اور علم کے حصول کو اپنی زندگی کا مشن بنائیں کیونکہ نئی نسل ہی پاکستان کے مستقبل کی معمار اور ضمانت ہے۔اس موقع پر دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں