قیمتی انسانی جانوں کی حفاظت کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائینگے ‘آوارہ کتوں کی تلفی کیلئے بھرپور مہم چلائی جائینگی ‘ڈپٹی کمشنر عمارہ خان

آوارہ کتوں کو تلف کر کے علاج معالجے پر خرچ ہونیوالی خطیر رقم بچائی جا سکتی ہے ‘ڈی سی کے زیر صدارت آوارہ کتوں کی تلفی کے حوالے سے اجلاس

بدھ 5 اپریل 2017 20:44

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اپریل2017ء) ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان نے کہا ہے کہ قیمتی انسانی جانوں کی حفاظت کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائینگے ‘آوارہ کتوں کو تلف کر کے علاج معالجے پر خرچ ہونیوالی خطیر رقم بچائی جا سکتی ہے ‘آوارہ کتوں کی تلفی کیلئے ضلع بھر میں 15اپریل سے بھرپور مہم چلائی جائینگی ۔یہ بات انہوں نے گزشتہ روز آوارہ کتوں کی تلفی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالسلام عارف ‘چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر عبدالمجید ‘ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر جاوید اقبال ‘ڈی ڈی ایچ اوز قصور ڈاکٹر نذیر احمد ‘پتوکی ڈاکٹر عبدالغفور ساجد ‘کوٹ رادھاکشن ڈاکٹر محمد اشفاق ‘چونیاں ڈاکٹر فاروق چیمہ ‘ایم ایس ٹی ایچ کیو ہسپتال چونیاں ، پتوکی ، کوٹ رادھاکشن ‘ڈسٹرکٹ سنٹری انسپکٹر رانا عبداللہ خاں ‘چیف آفیسر زمیونسپل کمیٹیز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں ماہ کے دوران آوارہ کتوں کے کاٹنے کے بہت سارے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں اوراگر ان آوارہ کتوں کو فوری طور پر تلف نہ کیا گیا تو قیمتی انسانی جانوں کو مزید نقصان پہنچ سکتا ہے ۔مزید بتایا گیا کہ کتے کے کاٹنے سے پیدا ہونیوالی بیماریوں سے بچائو کیلئے لگایا جانیوالا انجکشن کافی مہنگا ہے اور گزشتہ چند ماہ کے دوران ایسے مریضوں کو لگائے گئے ٹیکوں پر خطیر رقم خرچ ہوئی ہے ۔

جس پر ڈپٹی کمشنر عمارہ خان نے متعلقہ افسران کو حکم دیا کہ 15اپریل 2017ء سے ضلع بھر میں آوارہ کتوں کی تلفی کیلئے محکمہ ہیلتھ اور میونسپل کمیٹیز بھرپور مہم چلائیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ضلع بھر سے آوارہ کتوں کی تلفی ہو چکی ہے ۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے پالتو کتوں کے گلے میں مخصوص بیلٹ لگائیں اور انہیں اپنے گھروں تک محدود رکھیں تا کہ وہ اس مہم کے دوران متاثر نہ ہوں ۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں