ڈپٹی کمشنر قصور کے زیر صدارت آیوڈین کی کمی کی وجہ سے پیداہونیوالی بیماریوں پر کنٹرول کرنے کے حوالے سے اجلاس

ضلع بھر میں 100فیصد آیوڈین سالٹ کی پروڈکشن کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے ‘بغیر لائسنس کام کرنیوالے نمک چکی مالکان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائیگا ‘ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان

جمعہ 3 مارچ 2017 21:07

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مارچ2017ء)ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان کے زیر صدارت آیوڈین کی کمی کی وجہ سے پیداہونیوالی بیماریوں پر کنٹرول کرنے کے حوالے سے بنائی گئی کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ جس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر عبدالمجید ‘زونل منیجر فرمان احمد ‘ڈسٹرکٹ فوکل پرسن یوایس آئی پروگرام ڈاکٹر نذیر احمد ‘ڈسٹرکٹ سینٹری انسپکٹر فیض الرحمن ‘ڈی ایم ایس پی پی آر ایس پی محمد اقبال ‘ڈسٹرکٹ ایجو کیشن آفیسر ‘صدر پروڈکشن سالٹ ایسوسی ایشن بابا ہاشم اور دیگر نے شرکت کی ۔

اجلاس میں آیو ڈین کی اہمیت اور ضلع بھر میں آیو ڈین کی کمی کی وجہ سے پیدا ہونیوالے طبی مسائل اور انکے حل کے حوالے سے تفصیلاً بریفنگ دی گئی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بتایا گیا کہ لوگوں میں آیوڈین کی اہمیت اور اسکی کمی وجہ سے پیداہونیوالی بیماریوں کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے کیلئے ایک جامع پروگرام پر عمل جاری ہے جس کے تحت لوگوں میں آگاہی مہم کے ساتھ ساتھ سالٹ کی پروڈکشن کرنے والے نمک چکی مالکان کو بھی پابند بنایا گیا ہے کہ وہ نمک میں آیو ڈین کی مقررہ مقدار کو ہر قیمت پر یقینی بنائیں تا کہ عام آدمی کو بہت سارے طبی مسائل سے بچایا جا سکے ۔

ڈپٹی کمشنر عمارہ خان نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ ضلع بھر میں 100فیصد آیوڈین سالٹ کی پروڈکشن اور دوسرے اضلاع سے بغیر آیوڈین ملے نمک کی ترسیل کو روکنے کیلئے فوری اقدامات کریں اور تمام سالٹ بنانے والے چکی مالکان کو پابند بنایا جائے کہ وہ اپنے نمک کے برینڈ کو رجسٹرڈ کروائیں اور نمک کا کاروبار کرنے کیلئے متعلقہ ادارے سے فوڈ لائسنس بھی حاصل کریں ۔ انہوں نے کہا کہ بغیر لائسنس کام کرنے والے نمک چکی مالکان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے اور اس سلسلے میں کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہ برتی جائے ۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں