حکومت نوجوانوں کو کھیلوں کے بہترین مواقعے فراہم کرنے کیلئے خطیر رقم خرچ کر رہی ہے ،ڈپٹی کمشنر قصور

قصور میں جلد انٹر نیشنل معیار کے سپورٹس کمپلیکس کا افتتاح کیا جائیگا ،عمارہ خان

جمعرات 2 مارچ 2017 22:43

قصور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مارچ2017ء) ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان نے کہا ہے کہ حکومت نوجوانوں کو کھیلوں کے بہترین مواقعے فراہم کرنے کیلئے خطیر رقم خرچ کر رہی ہے ‘قصور میں جلد ایک انٹر نیشنل معیار کے سپورٹس کمپلیکس کا افتتاح کیا جائیگا ‘ہاکی ‘کرکٹ اور کبڈی اسٹیڈیم کے قیام سے ضلع کے ٹیلنٹ کو آگے آنے کا موقع ملے گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کھیم کرن روڈ پر زیر تعمیر شہبازشریف سپورٹس کمپلیکس کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ ڈپٹی کمشنر عمارہ خان نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں اور ان کو کھیلوں کے بہترین مواقعے کی فراہمی کیلئے حکومت خطیر رقم صرف کر رہی ہے ۔ لاہور سمیت پنجاب کے تمام بڑے شہروں میں سپورٹس کے جدید ترین اسٹیڈیمز تعمیر کئے جا رہے ہیں تا کہ نوجوانوں کو کھیلوں کے زیادہ سے زیادہ مواقعے میسر آ سکیں اور علاقائی ٹیلنٹ کوپنپنے کا بھرپور موقع ملے ۔

(جاری ہے)

زیر تعمیر شہبازشریف سپورٹس کمپلیکس کے حوالے سے متعلقہ حکام کی طرف سے ڈپٹی کمشنر قصور کو بتایا گیا کہ اس سپورٹس کمپلیکس کا 95فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور جلد وزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف اس انٹر نیشنل معیار کے سپورٹس کمپلیکس کا افتتاح کرینگے ۔ مزید بتایا گیا کہ اس کمپلیکس میں قائم ہاکی اسٹیڈیم میں آسٹرو ٹرف بچھانے کا کام اگلے پندرہ روز تک مکمل ہو جائیگا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ شہبازشریف سپورٹس کمپلیکس کی تزئین و آرائش ‘آسٹرو ٹرف بچھانے ‘بیرونی دیواروں کیساتھ درخت لگانے اور دیگر کام ایک ماہ میں مکمل کئے جائیں تا کہ اسے جلد از جلد عوام الناس کیلئے کھولا جا سکے ۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں