ڈپٹی کمشنرقصور کا کوٹ رادھاکشن ہسپتال کا اچانک دورہ ‘ڈاکٹرز ‘پیرا میڈیکل سٹاف ‘صفائی ستھرائی اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا

مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں ‘ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان

جمعرات 2 مارچ 2017 21:47

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مارچ2017ء) ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان کا تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوٹ رادھاکشن کا اچانک دورہ ‘ڈاکٹرز ‘پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری ‘صفائی ستھرائی اور مریضوں کو دی جانیوالی طبی سہولیات کا جائزہ لیا ۔تفصیل کے مطابق ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان نے گزشتہ روز تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوٹ رادھاکشن کا اچانک دورہ کیا اور اپنے دورہ کے دوران انہوں نے ڈاکٹرز ، پیرا میڈیکل سٹاف اور کلریکل سٹاف کی حاضری کو چیک کیا ۔

انہوں نے خاص طور پر ہسپتال میں صفائی ستھرائی اور مریضوں کودی جانیوالی تمام طبی سہولیات کا تفصیلا ًجائزہ لیا ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان نے ہسپتال میں آنیوالے مریضوں اور انکے لواحقین سے طبی سہولیات بارے دریافت بھی کیا ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور اس میں کسی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کیلئے خطیر رقم خرچ کر رہی ہے اور آپ سب کا بھی یہ فرض بنتا ہے کہ ہسپتال میں آنے والے دکھی انسانیت کی زیادہ سے زیادہ خدمت کی جائے ۔ ڈپٹی کمشنر قصور نے ہسپتال کے تمام شعبوں کا معائنہ کیا اور میڈیسن ریکارڈ بھی چیک کیا ۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں