نیشنل ایکشن پلان کے تحت جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سرچ آپریشن جاری

جمعرات 23 فروری 2017 11:01

قصور۔23 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2017ء)نیشنل ایکشن پلان کے تحت ضلع قصورمیں گزشتہ ہفتہ کے دوران 160سرچ آپریشن ہوئے‘300سے زائد مشکوک افرادکو حراست میں لیکر تفتیش کی گئی جبکہ 118افرادکیخلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کئے گئے۔ ان خیالات کا اظہار ڈی پی اوقصور سیدعلی ناصررضوی نے اپنی گفتگومیں کیا۔ ڈی پی اوقصورنے کہاکہ قصورپولیس شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کی خاطر اپنی جانوں کانذرانہ پیش کردیگی لیکن کسی شہری پر کوئی آنچ نہیں آنے دیگی‘مال روڈلاہوربم دھماکے میں شہیدہونیوالے پنجاب پولیس کے سپوتوں نے ہمیں درس دیا کہ اگرپولیس اور عوام اکٹھے ہونگے تو کسی میں جرات نہیں کہ وہ ہمیں جھکا سکے اورشرپسندوں کی ان بزدلانہ کاروائیوں سے ہمارے حوصلے مزیدبلند ہوئے ہیں اورہم مزیدشدت سے دہشتگردوں کوکیفرکردار تک پہنچائینگے۔

(جاری ہے)

ڈی پی اوقصورنے مزیدکہاکہ سانحہ مال روڈ خودکش بم دھماکہ کے بعدضلع قصورمیں سیکورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے تمام ایس ڈی پی اوز نے پولیس کی بھاری نفری اور دیگرقانون نافذ کرنیوالے اداروں کیساتھ مل کر ضلع بھرمیں 180اہم مقامات پر 160سرچ آپریشن کئے‘6ہزار سے زائد افراد سے پوچھ گچھ اور بائیومیٹرک ویری فیکیشن کی گئی‘300سے زائدمشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا جن میں افغانی باشندے ‘باجوڑ ایجنسی اورمحمڈن ایجنسی سے تعلق رکھنے والے شامل ہیں جن میں سے بعض کو انٹیروگیشن کے بعدچھوڑ دیاگیا ہے جبکہ کچھ سے تفتیش کی جارہی ہے جبکہ 118افراد کیخلاف نیشنل ایکشن پلان کے تحت مقدمات درج کئے گئے۔

انہوں نے مزیدکہا کہ ضلع بھرمیں جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کریک ڈائون اور سرچ آپریشن مزیدجاری رہیں گے۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں