ڈپٹی کمشنر قصور کی ہدایت ‘ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سید موسیٰ رضا کے زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایگری کلچر ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس

اجلاس میں محکمہ زراعت توسیع ، واٹر مینجمنٹ ، لائیو سٹاک اور سوئل اینڈ فرٹیلیٹی کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا

بدھ 8 فروری 2017 18:16

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 فروری2017ء)ڈپٹی کمشنر قصور کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سید موسیٰ رضا کے زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایگری کلچر ایڈوائزری کمیٹی اور ٹاسک فورس برائے زراعت کا اجلاس گزشتہ روز ڈپٹی کمشنرکمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع ) قصور چوہدری پرویز اختر ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع )قصور اعجاز علی جتالہ ، اسسٹنٹ ایگری کلچر کیمسٹ ڈاکٹر اعجاز محبوب ، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر خالد ، ڈپٹی ڈائریکٹر واٹر مینجمنٹ رانا تجمل خان ،ڈپٹی ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر محمد جاوید اختر ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع کوٹ رادھاکشن اظہر محمود ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع )چونیاں چوہدری محمد اکرم ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع )پتوکی اظہر بھٹہ ، اسسٹنٹ ایگری کلچرانجینئرمسز انیلہ رفیق ، ایم سی او زرعی ترقیاتی بینک قصور،کاشتکار تنظیموں کے نمائندوں ،کھاد اور پیسٹی سائیڈ ڈیلرز کے نمائندوں اور دیگر نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں محکمہ زراعت توسیع ، واٹر مینجمنٹ ، لائیو سٹاک اور سوئل اینڈ فرٹیلیٹی کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا ۔کاشتکار تنظیموں کے نمائندوں نے زراعت کے شعبہ میں بہتری کیلئے اپنی تجاویز پیش کیں ۔ محکمہ زراعت توسیع کے افسران نے کھادوں کی قیمتوں اور دستیابی کے متعلق بریفنگ دی ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع نے اس موقع پر بتایا کہ محکمہ نے ضلع بھر میں فصلات کے کاشت رقبے ، زرعی آلات ، اوپن فیلڈ سبزیات و ٹنل فارمنگ اور کنگھی کے خلاف مدافعت رکھنے والی گندم کی اقسام کے بیج کے نمائشی پلاٹس کا ٹارگٹ حاصل کر لیا ہے ۔

محکمہ زراعت توسیع اور پلانٹ پروٹیکشن نے زرعی ادویات اور کھادوں کے نمونہ جات کا ٹارگٹ حاصل کیا اور اس ضمن میں بھرپور مہم جاری ہے ۔ زمینداروں کی زمینوں سے مٹی کے نمونہ جات لئے جا رہے ہیں تا کہ ان کا تجزیہ کر کے ان کی سائنسی بنیادوں پر رہنمائی کی جا سکے ۔ رانا تجمل خان ڈپٹی ڈائریکٹر واٹر مینجمنٹ نے بتایا کہ رواں سال پکے کھال بنانے کا ٹارگٹ ہر قیمت پر یقینی بنایا جائیگا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے زمینداروں کی رجسٹریشن برائے اجراء قرضہ و کسان کارڈ کے عمل کو مزید تیز کرنے کی ہدایات جاری کیں اور ضلع قصور میں زراعت کے شعبہ میں محکمہ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں