حکومت تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے ‘رکن صوبائی اسمبلی نعیم صفدر انصاری

تعلیمی اداروں کی ایڈمنسٹریشن اور اساتذہ معیار تعلیم میں بہتری کیلئے اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں ‘ڈی پی ایس میں اپنے خصوصی فنڈ سے نئے ٹربائین پمپ کے افتتاح کے موقع پر گفتگو

پیر 6 فروری 2017 20:30

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 فروری2017ء) شعبہ تعلیم میں بہتری حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے ‘حکومت تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے ‘تعلیمی اداروں کی ایڈمنسٹریشن اور اساتذہ معیار تعلیم میں بہتری کیلئے اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں ۔ یہ بات رکن صوبائی اسمبلی حاجی نعیم صفدر انصاری نے ڈسٹرکٹ پبلک سکول میں اپنے خصوصی فنڈ 50لاکھ روپے سے نئے ٹربائین پمپ لگانے کی افتتاحی تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

اس موقع پر حاجی صفدر انصاری ، پرنسپل کرنل (ر) محمد عدیل ‘ایڈمنسٹریٹر محمد جہانگیر چوپڑا ، اساتذہ اور دیگر نے شرکت کی ۔ رکن صوبائی اسمبلی حاجی نعیم صفدر انصاری نے کہا کہ تعلیم حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے معیار تعلیم کی بہتری اور تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے حکومت اپنے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے یہی وجہ ہے کہ گزشتہ کچھ عرصہ سے پنجاب بھر میں تعلیمی معیار میں بہتری آئی ہے اور تعلیمی اداروں میں بہتر اور جدید سہولیات کی فراہمی سے سکولوں کا ماحول خوشگوار ہوا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سرکاری سکولوں میں نئے کمروں کی تعمیر ،پینے کے صاف پانی کی فراہمی ، جدید سائنس لیبارٹری اور کمپیوٹرز لیبز کی تنصیب سے بچوں کو ریلیف ملا ہے اور سرکاری سکولوں کا تعلیمی معیار بھی بہتر ہوا ہے یہی وجہ ہے کہ آج شعبہ تعلیم میں حکومت پنجاب کے انقلابی اقدامات کی تعریف عالمی ادارے بھی کر رہے ہیں ۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ وقت دور نہیں جب پنجاب بھر میں تعلیمی انقلاب آئے گا اور کوئی بچہ بھی تعلیم سے محروم نہیں رہے گا۔ بعدازاں سکول انتظامیہ کی جانب سے رکن صوبائی اسمبلی حاجی نعیم صفدر انصاری کو اعزازی شیلڈ دی گئی ۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں