سرکاری ہسپتالوں میں تعینات ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کو جذبہ خدمت کے تحت کام کرنا چاہیے ‘ڈپٹی کمشنر عمارہ خان

دکھی انسانیت کی خدمت اولین ترجیح ہے،علاج معالجہ میں کسی قسم کی سستی کو برداشت نہیں کرونگی ‘ڈی ایچ کیو ہسپتال دورہ کے موقع پر گفتگو

ہفتہ 4 فروری 2017 18:40

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 فروری2017ء) ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان نے کہا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں تعینات ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کو جذبہ خدمت کے تحت کام کرنا چاہیے ‘دکھی انسانیت کی خدمت اولین ترجیح ہے،علاج معالجہ میں کسی قسم کی سستی اور کوتاہی کو برداشت نہیں کرونگی ۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز ڈی ایچ کیو ہسپتال کے اچانک دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

انہوں نے اپنے دورہ کے دوران ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری کو چیک کیا اور ہسپتال میں صفائی ستھرائی اور عوام الناس کو دی جانیوالی طبی سہولیات کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال قصور شہر اور اسکے ملحقہ علاقوں سے آنیوالے ہزاروں مریضوں کی داد رسی کا بڑا مرکز ہے ۔

(جاری ہے)

ہسپتال میں مریضوں کیلئے ادویات کی مفت فراہمی سمیت دیگر سہولیات کی وجہ سے مریضوں کا رش روز بروز بڑھ رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ صحت اور تعلیم حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہیں اور حکومت نے صحت کے شعبے میں بہتری کیلئے خطیر رقم مختص کی ہے یہی وجہ ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں عوام الناس کو دی جانیوالی سہولیات میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز اورپیرا میڈیکل سٹاف عوام کا دکھ بانٹنے اور انکی تکالیف کو کم کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ضلع کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں مزید بہتری اور دکھی انسانیت کے تسلی بخش علاج کو یقینی بنانے کیلئے ضلعی حکومت تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے ۔ڈپٹی کمشنر قصور نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے آئوٹ ڈور وارڈز ‘بچہ وارڈ ، میڈیکل وارڈ ، سرجیکل وارڈ ،میڈیکل سٹور، ایمرجنسی وارڈ اور دیگر شعبوں کا دورہ کیا اور خاص طور پر ہسپتال میں صفائی ستھرائی اور مریضوں کو دی جانیوالی طبی سہولیات کا تفصیلاً جائزہ لیا ۔ انہوں نے ایم ایس کو ہدایت کی کہ ہسپتال کے اندرونی حصوں کو خوبصورت بنانے کیلئے مزید ان ڈور پلانٹس منگوا کر رکھے جائیں ۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں