پولیو کا خاتمہ ہمارا قومی فریضہ ہے ، تمام طبقات کے لوگ پولیو کے خاتمے میں اپنا قومی کردار ادا کریں ،ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان

والدین پولیو مہم کے دوران اپنے بچوں کو جسمانی معذوری سے بچانے کیلئے پولیو ویکسین کے حفاظتی قطرے ضرور پلوائیں ‘ضلع بھر میں پانچ سال سے کم عمر 6لاکھ 10ہزار بچوں کو قطرے پلائے جائینگے ‘ڈی ایچ کیو ہسپتال میں بچوں کو قطرے پلانے کی افتتاحی تقریب سے گفتگو

ہفتہ 14 جنوری 2017 17:07

قصور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جنوری2017ء) ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان نے کہا ہے کہ پولیو کا خاتمہ ہمارا قومی فریضہ ہے ، تمام طبقات کے لوگ پولیو کے خاتمے میں اپنا قومی کردار ادا کریں ، پولیو کے خاتمے کیلئے ہم سب کو مربوط حکمت عملی کے تحت کام کرنا ہوگا‘والدین پولیو مہم کے دوران اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو جسمانی معذوری سے بچانے کیلئے لازمی طور پر پولیو ویکسین کے حفاظتی قطرے پلوائیں اور پولیو کے موذی مرض کے خاتمے کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کریں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں انسداد پولیومہم کے سلسلہ میں بچوں کو قطرے پلانے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پررکن صوبائی اسمبلی حاجی نعیم صفدر انصاری ، چیئر مین پبلک فسیلیٹیشن کمیٹی برائے ہیلتھ حاجی نعیم صفدر انصاری ، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر عبدالمجید ، ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر محمد جاوید اقبال ، پولیو انچارج ڈاکٹر محمد خالد ، ڈی ایم ایس ڈاکٹر فیاض احمد ، ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد نذیر ، ڈپٹی سپریٹنڈنٹ نرسنگ مسرت مجید اور دیگر محکمہ ہیلتھ کے افسران موجود تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عمارہ خان نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع قصور میں پولیو مہم 16سے 19جنوری 2017ء تک جاری رہے گی اور ضلع بھر میں پانچ سال سے کم عمر 6لاکھ 10ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائینگے جس کیلئے مجموعی طور پر 1297ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں جن میں 1125موبائل ٹیمیں ، 122فکسڈ ‘50ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں جبکہ 240ایریا انچارجز ہیں جو ان ٹیموں کی نگرانی کرینگے ۔

ڈپٹی کمشنر عمارہ خان نے مزید کہا کہ کسی بھی ملک یا معاشرے کی ترقی کا دارومدار صحت مند افراد پر منصر ہوتا ہے ہمیں اپنے ملک کی ترقی کیلئے قوم کے معماروں کو بیماریوں سے چھٹکارہ کیلئے بروقت پولیو قطرے پلا کر اپنا قومی فریضہ ادا کرنا چاہیے ۔ ڈپٹی کمشنر قصور نے اپیل کی کہ پولیو کے خاتمہ کیلئے معززین شہر، سول سو سائٹی کے اراکین ، سماجی تنظیموں کے نمائندے آگے آئیں اور بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کیلئے پولیو ویکسین کے قطرے پلانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں ۔

انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ کوئی بھی بچہ قطرے پینے سے محروم نہ رہے اور انسداد پولیو مہم کو ایک فریضے اور مشن کے تحت کامیابی سے ہمکنار کیا جائے ۔پولیو مہم میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی ۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں