ڈپٹی کمشنر قصور کا مسلسل غیر حاضر اور فرائض میں غفلت پر3ڈاکٹروں کو ملازمت سے برخاست ‘1کو سرنڈر جبکہ 1ڈاکٹر کوشو کاز نوٹس جاری

ڈاکٹر ز اپنے کام کو مقدس فریضہ سمجھ کر سرانجام دیں ‘کام چور اور ڈیوٹی میں غفلت برتنے والوں کو برداشت نہیں کیا جائیگا‘عمارہ خان

ہفتہ 7 جنوری 2017 18:57

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جنوری2017ء) ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان کی ڈیوٹی سے مسلسل غیر حاضر اور فرائض میں غفلت برتنے والے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے ڈاکٹروں کیخلاف کاروائی ‘3ڈاکٹرز ملازمت سے برخاست ‘1ڈاکٹر کو سرنڈر جبکہ 1ڈاکٹر کوشو کاز نوٹس جاری کر دیا ۔تفصیل کے مطابق ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان کے زیر صدارت ہیلتھ کونسل برائے ڈی ایچ کیو ہسپتال کی میٹنگ منعقد ہوئی ۔

جس میں اراکین صوبائی اسمبلی حاجی نعیم صفدر انصاری ، یعقوب ندیم سیٹھی ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل ) عبدالسلام عارف ،چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر عبدالمجید ، ایم ایس ڈاکٹر جاوید اقبال اور دیگر ممبران ہیلتھ کونسل نے شرکت کی ۔ اجلاس میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے بائیو میٹرک حاضری کو چیک کیا گیا ۔

(جاری ہے)

جس کے دوران کچھ ڈاکٹرز بغیر محکمانہ منظوری کے چھٹی پر پائے گئے جس پر ڈپٹی کمشنر عمارہ خان نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈاکٹر سلبیہ شاہد ‘ڈاکٹر سیدہ زینب ‘ڈاکٹر زاہد جمیل کو ملازمت سے برخاست ‘ڈاکٹر عمران بیگ کو فوری طور پر سرنڈر کرنے جبکہ ڈاکٹر اللہ وسایا کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کے احکامات دیئے۔ ڈپٹی کمشنر قصور نے اس موقع پر ڈاکٹرز ، پیرا میڈیکل سٹاف اور کلریکل سٹاف کی حاضری کا سسٹم اپ ڈیٹ نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال کو حکم دیا کہ آئندہ روزانہ کی بنیاد پر تمام سٹاف کی حاضری بارے انہیں آگاہ کیا جائیگااور وہ خود بھی ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری کو چیک کرینگی ۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ تین دن سے زائد کی چھٹی کی درخواست کی منظوری چیئر مین ہیلتھ اتھارٹی /ڈپٹی کمشنر سے لی جائیگی اور کسی ڈاکٹرز یا پیرامیڈیکل سٹاف کو بلا منظوری درخواست چھٹی کرنے کی اجازت نہ ہو گی ۔ڈپٹی کمشنر عمارہ خان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے ہیلتھ سیکٹر کی بہتری کیلئے انقلابی اقدامات کئے ہیں اور اس مقصد کیلئے خطیر رقم خرچ کی جارہی ہے اس لئے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کا بھی یہ فرض بنتا ہے کہ وہ اپنے کام کو مقدس فریضہ سمجھ کر سرانجام دیں ۔

انہوں نے واضح کیا کہ کام چور اور ڈیوٹی میں غفلت برتنے والوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا ۔بعدازاں ڈپٹی کمشنر ‘اراکین صوبائی اسمبلی اور ممبران ہیلتھ کونسل نے ہسپتال کے تمام وارڈز کا معائنہ کیا اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا ۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں