ڈپٹی کمشنر قصورعمارہ خان کے زیر صدارت ڈسٹرکٹ پبلک سکول کے بورڈ آف گورنر کا اجلاس

ٹیچر ز کی تنخواہ ، ترقی اور بونس کا فیصلہ کارکردگی کی بناء پر ہوگا ‘ اعلیٰ تعلیمی معیار ملکی تعمیر و ترقی کیلئے ناگزیر ہے ‘ضلعی حکومت شعبہ تعلیم کی بہتری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے ‘ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان

جمعہ 6 جنوری 2017 15:13

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جنوری2017ء) ڈپٹی کمشنر قصور/چیئر مین بورڈ آف گورنر ڈی پی ایس عمارہ خان کے زیر صدارت بورڈ آف گورنر کا اجلاس گزشتہ روز ڈی پی ایس کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو ) سید محمد موسیٰ رضا ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل ) عبدالسلام عارف ، چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجو کیشن میاں ذوالفقار علی ، اسسٹنٹ کمشنر قصور آمنہ رفیق ، پرنسپل ڈی پی ایس کرنل (ر) محمد عدیل ، ایڈمنسٹریٹر محمد جہانگیر چوپڑا ، ممبران بورڈ آف گورنرز حاجی جاوید اختر ، کیپٹن فہیم ‘زاہد حسین ،ڈاکٹر مسعود اقبال ساجد ، محمد ایوب ، مسز ثمینہ طاہر اور دیگر نے شرکت کی ۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نئے تعمیر شدہ آڈیٹوریم کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے فوری طور پر سائونڈ سسٹم اور ایئر کنڈیشنز خریدے جائیں ۔

(جاری ہے)

ڈی پی ایس سکول کے طلباء و طالبات کی فیسوں میں اضافے کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر نے پرنسپل کو ہدایت کی کہ وہ ادارے کی آمدنی و اخراجات کی ایک مکمل رپورٹ بنا کر آئندہ اجلاس میں پیش کریں جس کا جائزہ لیکر فیسوں میں اضافے کا فیصلہ کیا جائیگا۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ٹیچر ز کی تنخواہ ، ترقی اور بونس کا فیصلہ ٹیچر ز کی کارکردگی کا جائزہ لیکر کیا جائیگااور اس سلسلے میں وائس چیئر مین بورڈ آف گورنر ، چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجو کیشن اور پرنسپل ڈی پی ایس ملکر لائحہ عمل تیار کرینگے ۔ڈپٹی کمشنر عمارہ خان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ تعلیمی معیار ملکی تعمیر و ترقی کیلئے ناگزیر ہے اس مقصد کیلئے ضلعی حکومت اپنے تمام وسائل بروئے کا ر لا رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب ڈی پی ایس قصور کا شمار ملک کے نمایاں تعلیمی اداروں میں ہوگا ۔انہوں نے پرنسپل کو ہدایت کی کہ ٹیچرز کی کارکردگی اور معیار کو مزید بہتر بنانے کیلئے ٹیچرز ٹریننگ پروگرام کا انعقاد کیا جائے تا کہ ڈی پی ایس کے اساتذہ جدید طریقہ علوم سے آشنا ہو کر بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کر سکیں ۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں