ڈپٹی کمشنر عمارہ خان کے زیر صدارت تین روزہ پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس

پولیو مہم 16جنوری سے شروع ہو گی ‘ضلع بھر میں پانچ سال سے کم عمر 6لاکھ 10ہزار بچوں کو پولیو قطرے پلائے جائینگے ‘بریفنگ تمام محکمے ملکر پولیو مہم کو کامیاب بنائیں ‘کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائیگی ‘ڈپٹی کمشنر عمارہ خان

جمعہ 6 جنوری 2017 15:13

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جنوری2017ء) ڈپٹی کمشنر قصورعمارہ خان کے زیر صدارت تین روزہ پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس گزشتہ روز ڈی سی او کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو ) سید موسیٰ رضا ‘ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالسلام عارف ‘چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر عبدالمجید ‘اسسٹنٹ کمشنر پتوکی ‘پولیو انچارج ڈاکٹر محمد خالد ، ڈبلیو ایچ کے نمائندے ‘ ڈی او سوشل ویلفیئر ، ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ، ڈی او پاپولیشن ویلفیئر آفیسر ‘ڈی ڈی ایچ اوز ،صدر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن قصور‘مذہبی رہنما ،پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے ۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلع قصور میں تین روزہ پولیو مہم 16جنوری سے 18جنوری 2017ء تک منعقد ہو رہی ہے جبکہ 19جنوری کو فالو اپ ہوگا۔

(جاری ہے)

اس مہم کے دوران ضلع بھر میں پانچ سال سے کم عمر 6لاکھ10ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائینگے جس کیلئے مجموعی طور پر 1297ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں ۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ اس مہم کو کامیاب بنانے کیلئے پولیس اڈا جات اور گھر گھر جانیوالی ٹیموں کو اگر کوئی مسئلہ ہوا تو انکی مدد کریگی ‘محکمہ ریونیو لوگوںمیں آگاہی کی مہم اور رہ جانیوالے بچوں کی نشاندہی اورپولیو ٹیموں کی علاقہ میں معاونت کریگا۔

محکمہ ایجو کیشن صبح کے وقت اسمبلی میں بچوں کو پولیو آگاہی کے حوالے سے لیکچر ،سکولوں کے مین گیٹ پر بینرز ،اڈا جات پر سکائوٹس اور جہاں ضرورت ہو گی وہاں سٹاف مہیا کریگا۔ محکمہ سوشل ویلفیئر این جی اوز کو پولیو ڈے کی آگاہی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے پر آمادہ اور مختلف مقامات پرقطرے پلوانے کیلئے کیمپس لگوائے گا ۔محکمہ پی آر ایس پی اور پاپولیشن ویلفیئر مہم کے دوران جہاں ضرورت پڑی وہاں عملہ مہیا کرینگے ۔

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن قصور کے عہدیداران پرائیویٹ کلینکس پر عوام کو پولیو سے بچائو بارے آگاہی دینگے ۔اجلاس میں منیجر اوقاف کی غیر حاضری پر نوٹس لیتے ہوئے اس کیخلاف کاروائی کا حکم دیا ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان نے تمام محکمہ جات کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ محکمہ ہیلتھ کیساتھ ملکر پولیو مہم کو کامیاب کریں اور اس میں کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائیگی ۔انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں کی آگاہی کیلئے اہم شاہراہوں پر فلیکسز اوربینرز زیادہ سے زیادہ آویزاں کئے جائیں اور پولیو مہم شروع ہونے سے قبل ضلع بھر میں اس کی بھرپور تشہیر کی جائے ۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں