ضلعی حکومت کرسمس کی خوشیوں میں مسیحی برادری کیساتھ برابر کی شریک ہے ‘ کرسمس امن و خوشی کا تہوار ہے ‘ڈی سی او قصور عمارہ خان

کرسمس امن و آشتی کے پیغام کو عام کرنیکا دن ہے اور مہذب قومیں خوشیوں کے تہوار مل جل کر مناتی ہیں ‘ایف جی اے چرچ میں کرسمس کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب

اتوار 25 دسمبر 2016 14:50

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 دسمبر2016ء) ڈی سی او عمارہ خان نے کہا ہے کہ ضلعی حکومت کرسمس کی خوشیوں میں مسیحی برادری کے ساتھ برابر کی شریک ہے ‘ کرسمس امن و خوشی کا تہوار ہے جو ہم سب کو یک جہتی کا پیغام دیتا ہے ‘کرسمس امن و آشتی کے پیغام کو عام کرنیکا دن ہے اور مہذب قومیں خوشیوں کے تہوار مل جل کر مناتی ہیں جس کی بدولت قومی رشتے اور حب الوطنی کے جذبات مضبوط ہوتے ہیں ۔

یہ بات انہوں نے گزشتہ رات ایف جی اے چرچ کوٹ سلامت پورہ قصور میں کرسمس کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر ڈی او سی عبدالسلام عارف ‘ڈی ایس پی صدر مرزا عارف رشید ‘ٹینریز ایسوسی ایشن کے عہدیداران میاں اشفاق ‘حاجی مقصود ‘حاجی عبدالغفار حافظ شبیر احمد ‘پاسٹر سیمسن سردار ‘ایلڈرز چوہدری نور الٰہی ‘اللہ دتہ ‘صابر اورمسیحی برادری نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈی سی او قصور عمارہ خان نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی اور نیک تمنائوں کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ایسے تہواروں پر ملک و قوم کی سلامتی کیلئے یک جان ہونے کی ضرورت ہے ۔دین اسلام نے اقلیتوں سے اچھے برتائو اور باہمی احترام کا درس دیا ہے جبکہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒنے بھی اقلیتوں کے حقوق کی پاسداری پر زور دیا تھا جس کے تحت ہم سب بلا امتیاز رنگ و نسل اور مذہب پاکستان کی ترقی کیلئے کوشاں ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ بطور پاکستانی قوم ہماری خوشیاں ‘ غم ‘ مسائل اور ترقی کے مواقع مشترکہ ہیں یہی وجہ ہے کہ ملک بھر میں اقلیتوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور ہم سب کو ملکر پاکستان کی بقاء سالمیت ، امن و خوشحالی اور ترقی یکجہتی کیلئے جدوجہد کرنا ہوگی ۔ڈی سی او عمارہ خان نے مزید کہا کہ ضلع بھر میں کرسمس بازار قائم کئے گئے ہیں جہاں پر مسیحی برادری کو عام مارکیٹ سے کم نرخوں پر معیاری اشیائے خورونوش دستیاب ہیں اور عبادت گاہوں پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں ۔ اس موقع پر ایلڈر چوہدری نور الٰہی نے مسیحیوں کی خوشیوں میں شریک ہونے پر ڈی سی او قصور عمارہ خان اور دیگر ضلعی افسران کا شکریہ ادا کیا ۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں