سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے ‘ڈی سی او عمارہ خان

ہیلتھ کونسلز حکومت پنجاب کی جانب سے دی گئی خطیر رقم شفاف طریقے سے ہسپتالوں میں طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے خرچ کر رہی ہیں ‘ہیلتھ کونسل اجلاس کے موقع پر گفتگو

جمعرات 22 دسمبر 2016 18:06

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 دسمبر2016ء) سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے پنجاب حکومت نے ایک جامع پروگرام پر عملدرآمد شروع کر دیا ہے تا کہ مریضوں کو علاج معالجے میں درپیش مشکلات ختم ہوں اور ہسپتالوں کے ماحول کو بہتر اور خوشگوار بنایا جائے۔ یہ بات ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر قصور عمارہ خان نے گزشتہ روز ہیلتھ کونسل برائے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

اس موقع پر اراکین صوبائی اسمبلی حاجی نعیم صفدر انصاری ، یعقوب ندیم سیٹھی ، ڈی او سی عبدالسلام عارف ‘ایم ایس ڈاکٹر جاوید اقبال ، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر سید محمد رضا ‘ڈی او بلڈنگ محمد سلیم ، ایس ڈی او بلڈنگ چوہدری محمد ریاض ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر محمد اکبر رضا اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ہیلتھ کونسل کے کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد اور آئندہ کی حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا ۔

ڈی سی او عمارہ خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف کی بھرپور توجہ ہسپتالوں کی حالت بہتر بنانے پر ہے اور اس سلسلے میں حکومت پنجاب نے ایک خطیر رقم مختص کی ہے جسے شفاف طریقے سے ہیلتھ کونسلز کے ذریعے ہسپتالوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی ‘طبی آلات کی خریداری اور تزئین آرائش پر خرچ کیا جا رہا ہے تا کہ عوام الناس کو بہترین ماحول میں طبی سہولیات میسر آسکیں ۔

ڈی سی او نے کہا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال کے مختلف کے انچارج اپنے وارڈز میں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری ‘صفائی ستھرائی اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے براہ راست ذمہ دار ہونگے ۔ انہوں نے ایم ایس کو ہدایت کی کہ مختلف وارڈز کے انچارج کی جانب سے موصول ہونے والی ریکو زیشنز پر فوری ایکشن لیا جائے اور مطلوبہ اشیاء وارڈز میں ہنگامی طور پر فراہم کی جائیں اور ہر وارڈ میں عملے کا ڈیوٹی روسٹر نمایاں جگہ پر آویزاں کیا جائے ۔

ڈی سی او نے ڈاکٹرز اور نرسوں کو گائون اور سینٹری ورکرز کو ڈیوٹی کے دوران یونیفارم اور ڈیوٹی کارڈ پہننے کی بھی سختی سے ہدایت کی ۔ قبل ازیں ڈی سی او نے اراکین صوبائی اسمبلی و ممبران ہیلتھ کونسل کے ہمراہ ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور سٹاف کی حاضری چیک کی ۔ انہوں نے میڈیکل وارڈ کے کوری ڈور میں روشنی کم ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے ایم ایس کو حکم دیا کہ فوری طور پر مزید لائٹس لگوائی جائیں اور ہسپتال میںمعمولی نوعیت کا تعمیر و مرمت کا کام بھی جلد از جلد مکمل کروایا جائے ۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں