بغیر لائسنس ادویات تیار کرنے والی 2لیبارٹریاں سیل‘ مشینری اور ادویات ضبط

چارافرادکے خلاف مقدمہ درج‘ڈرگ کنٹرول ٹیم کاشرینا لیبارٹری میں چھاپہ‘ بغیرلائسنس پروڈکشن پر کارروائی‘30لاکھ کا سامان پکڑا گیا چونیاں میں یونانی لیبارٹری غیرمعیاری پروڈکشن یونٹ کے ساتھ دوائیاں تیار کرتے ہوئے پکڑی گئی‘ سامان اور مشینری ضبط

جمعہ 2 دسمبر 2016 20:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2016ء) قصور میں بغیر لائسنس ادویات تیار کرنے والی دو لیبارٹریاں سیل‘ پروڈکشن انچارج اور مالکان کے خلاف مقدمات درج کر لئے گئے۔ ڈرگ کنٹرولر ٹیم نے قصور کی حدود میں واقع شرینا لیبارٹری کی اچانک چیکنگ کی تو معلوم ہوا کہ شرینا لیبارٹری کے پاس ادویات تیار کرنے کا لائسنس ہی نہیں۔ متعلقہ ڈرگ انسپکٹر رمیض خان نے فوری کارروائی کرتے ہوئے لیبارٹری کو سیل کر دیا اور مشینری اور ادویات کا تمام سٹاک ضبط کر لیا۔

ضبط شدہ ادویات کو تجزیئے کے لئے لیبارٹری بھجوا دیا گیا جبکہ شرینا لیبارٹری کے مالک الیاس بھٹی اور لیبارٹری پروڈکشن انچارج توصیف تنویر کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا گیا۔ دریں اثناء چونیاں میں چھانگامانگا روڈ پر واقع یونانی لیبارٹری بھی بغیر لائنس ادویات تیار کر رہی تھی۔

(جاری ہے)

چیکنگ کے دوران انکشاف ہوا کہ لیبارٹری کاپروڈکشن یونٹ انتہائی ناقص اور غیرمعیاری ہے ۔ جس پر ڈرگ کنٹرول ٹیم نے یونانی لیبارٹری کے پروڈکشن یونٹ کو سیل کر دیا جبکہ مشینری سمیت تمام سٹاک ضبط کر لیا گیا۔ لیبارٹری کے مالک محمد صدیق اورپروڈکشن انچارج محمد اقبال کے خلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ دونوں لیبارٹریز سے 50لاکھ مالیت کی مشینری اور ادویات ضبط کی گئی ہیں۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں