بچے قوم کا مستقبل ہیں ‘عدالتی کاروائی کی آگاہی سے انکے اندر قانون پر عملدرآمد کا جذبہ پیدا ہوگا ‘سید مظفر علی شاہ

قوم کو اپنی نئی نسل سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں ‘قانون سے متعلق بنیادی معلومات نصاب کا حصہ بنانے کی ضرورت ہے ’ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج قصور کی لاہور ہائیکورٹ کی 150سالہ تقریبات کے سلسلہ میں ضلعی عدالتوں کا دورہ کرنیوالے مختلف سکولوں کے بچوں سے گفتگو

پیر 28 نومبر 2016 21:28

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2016ء) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج قصور سید مظفر علی شاہ نے کہا ہے کہ بچے قوم کا مستقبل ہیں ‘عدالتی کاروائی کی آگاہی سے بچوں کے اندر قانون پر عملدرآمد کا جذبہ پیدا ہوگا ‘قوم کو اپنی نئی نسل سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں ‘قانون سے متعلق بنیادی معلومات نصاب کا حصہ بنانے کی ضرورت ہے ۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کی 150سالہ تقریبات کے سلسلہ میں ضلعی عدالتوں کا دورہ کرنے والے مختلف سکولوں کے بچوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

اس موقع پر صدر بار چوہدری منیر احمد ‘ضلعی عدلیہ کے جج صاحبان ‘مختلف سکولوں کے اساتذہ اور طلباء و طالبات بھی موجود تھے ۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سید مظفر علی شاہ نے کہا کہ آج کے جدید دور میں بچوں کو مختلف عدالتوں اور انکے کام کے حوالے سے آگاہی دینا وقت کی اہم ضرورت ہے تا کہ بچوں کے اندر قانون پر مکمل عملدرآمد کا جذبہ پیدا ہو ۔

(جاری ہے)

انہوں نے عدالتوں کا دورہ کرنے والے بچوں کے جذبے کی تعریف کی اور کہا کہ وہ محنت اور لگن سے علم حاصل کریں تا کہ پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کر سکیں ۔

انہوں نے طلباء و طالبات سے وعدہ کیا کہ وہ ڈسٹرکٹ بار کیساتھ ملکر بچوں کو قوانین پر عملدرآمد اور عدالتی کاروائی سے آگاہی کے حوالے سے مختلف سکولوں کا ہر ماہ دورہ کرینگے ۔ قبل ازیں جب مختلف سکولوں کے بچے ضلع کچہری پہنچے تو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سید مظفر علی شاہ اور ایڈیشنل سیشن جج راحیلہ عمر نے دیگر ضلعی عدلیہ کے جج صاحبان کیساتھ بچوں کا پرتپاک استقبال کیا اور بچوں کو عدالت سیشن جج ‘سول کورٹس اور فیملی کورٹس کا دورہ کروایا اور عدالتی کاروائی دکھائی ۔

عدالتوں کے دورہ کے دوران جج صاحبان نے بچوں کے سوالات کے جوابات دیئے ۔بعدازاں بچوں کو مختلف عدالتوں اور انکی ورکنگ کے حوالے سے بنائی گئی ڈاکو منٹری دکھائی گئی اور جج صاحبان نے بچوں کیساتھ گروپ فوٹو بنوایا ۔ تقریب کے اختتام پر اساتذہ اور بچوں میں شیلڈز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کئے گئے ۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں