ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج قصور کے زیر صدارت لاہور ہائی کورٹ کے قیام کی تقریبات کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس

بدھ 23 نومبر 2016 18:11

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2016ء) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج قصور سید مظفر علی شاہ کے زیر صدارت لاہور ہائی کورٹ کے قیام کی 150سالہ تقریبات کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس گزشتہ روز انکے دفتر میں منعقد ہوا۔ جس میں ڈی سی او قصور عمارہ خان ، ڈی پی او سید علی ناصر رضوی ، ایڈیشنل سیشن جج /چیئر مین سیکورٹی کمیٹی رفاقت علی گوندل اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جناب جسٹس منصور علی شاہ کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ضلع قصور میں لاہور ہائی کورٹ کے قیام کی 150سالہ تقریبات کو شایان شان طریقے سے منانے کیلئے تین روزہ پروگرامز ترتیب دیئے گئے ہیں جن میں لاہور ہائی کورٹ کے جج صاحبان ، ضلعی عدلیہ کے موجودہ و سابقہ جج صاحبان ، ضلعی افسران ، وکلاء ، صحافی ، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد شرکت کریگی ۔

(جاری ہے)

ڈی سی او قصور عمارہ خان نے اجلاس کو بتایا کہ تین روزہ تقریبات کے انعقاد کیلئے ضلعی انتظامیہ بھرپور تعاون کر رہی ہے اور اس سلسلے میں تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں ۔ ڈی پی او سید علی ناصر رضوی نے یقین دلایا کہ ان تقریبات کو مکمل سیکورٹی فراہم کی جائیگی اور اس بات کو یقینی بنایا جائیگا کہ صرف متعلقہ افراد ان تقریبات میں شامل ہو سکیں ۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ان تقریبات میں شمولیت کیلئے مخصوص انٹری کارڈ ز جاری کئے جائینگے ۔ایڈیشنل سیشن جج رفاقت علی گوندل نے بتایا کہ تقریبات کے انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے مختلف کمیٹیاں تشکیل دید ی گئی ہیں جن میں عدلیہ ، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے افسران کو شامل کیا گیا ہے ۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سید مظفر علی شاہ نے تین روزہ تقریبات کیلئے کئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ان تقریبات کو بھرپور انداز میں منانے کیلئے اپنے فرائض بخوبی سرانجام دیں ۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں