ڈی سی او عمارہ خان کے زیر صدارت ہیلتھ کونسل برائے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا اجلاس

اجلاس میں ہسپتال کی تزئین و آرائش اور نئے طبی آلات کی خریداری ‘متوقع اخراجات اور ڈیمانڈ ز کا تفصیلاً جائزہ لیا گیا

منگل 1 نومبر 2016 18:04

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 نومبر2016ء)ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر قصور عمارہ خان کے زیر صدارت ہیلتھ کونسل برائے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا اجلاس گزشتہ روز ڈی ایچ کیو ہسپتال میں منعقد ہوا۔ جس میں ایم پی ایز حاجی نعیم صفدر انصاری ٬ یعقوب ندیم سیٹھی ٬ ڈی او سی عبدالسلام عارف ٬ میڈیکل سپریٹنڈنٹ ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر جاوید اقبال ٬ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ناصر اسلام خان ٬ ڈی ایم او سید محمد رضا ٬ ٹی ایم او رائے محمد منشاء ٬ ایس ڈی او بلڈنگ چوہدری ریاض احمد اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔

اجلاس میں ہسپتال کی تزئین و آرائش اور نئے طبی آلات کی خریداری کیلئے ایم ایس ہسپتال کی طرف سے پیش کئے گئے متوقع اخراجات اور ڈیمانڈ ز کا تفصیلاً جائزہ لیا گیا ۔

(جاری ہے)

ڈی سی او قصور نے ہدایت کی کہ ہسپتال میں تمام ضروری طبی آلات کی خریداری کیلئے حکومت کے مروجہ طریقہ کار کو اختیار کیا جائے اور کوشش کی جائے کہ خریداری پیپرا کے قوانین کی روشنی میں کی جائے ۔

ڈی سی او نے ایم ایس کو ہدایت کی کہ ہسپتال کے اندر انتظار گاہ میں فوری طور پر ایل ای ڈی لگانے کے حوالے سے فوری طور پر کوٹیشنز طلب کر کے خریداری کی جائے ۔ ہسپتال کی تزئین و آرائش و مرمت کے حوالے سے ڈی او بلڈنگ کو ہدایت کی گئی کہ وہ دو یوم کے اندر اندر ایس ٹی میٹس بنا کر دیں تا کہ جلد از جلد باقاعدہ کام کا آغاز کیا جا سکے ۔ اجلاس میں ایم ایس کی طرف سے بتایا گیا کہ گزشتہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کر دیا گیا ہے اور ہسپتال کے تمام واش رومز میں لیکوڈ واش سوپ ڈسپنسر لگا دیئے گئے ہیں اور ہسپتال کے مختلف وارڈز میں تزئین و آرائش کے کام کا بھی آغاز ہو چکا ہے ۔

بعدازاں ہیلتھ کونسل ممبران نے ہسپتال کے مختلف وارڈز کا دورہ بھی کیا اور وہاں صفائی ستھرائی اور عوام الناس کو دی جانیوالی طبی سہولیات کا جائزہ لیا ۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں