کیبل آپریٹرز نے انڈین چینلز کو فوری طور پر بند اور پاکستانی چینلز کو فروغ دیکر کلیدی کردار ادا کیا ہے‘ڈپٹی جنرل منیجر پیمرا عائشہ وٹو

انڈین چینل پر پابندی کا قانون نیا نہیں اس پر سختی سے عملدرآمد کروایا جا رہا ہے‘ضلع قصور کے کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کی طرف سے منعقدہ تقریب میں میڈیا سے گفتگو

اتوار 30 اکتوبر 2016 15:50

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اکتوبر2016ء) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگو لیٹری اتھارٹی (پیمرا )لاہورکی ڈپٹی جنرل منیجر عائشہ وٹو نے کہا ہے کہ چیئر مین پیمرا ابصار عالم کے احکامات کی روشنی میںملک بھر کے کیبل آپریٹرز نے انڈین چینلز کو فوری طور پر بند اور پاکستانی چینلز کو فروغ دیکر کلیدی کردار ادا کیا ہے۔یہ بات انہوں نے مقامی ہوٹل میں ضلع قصور کے کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کی طرف سے منعقدہ ایک تقریب میںمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

اس موقع پر اسسٹنٹ جنرل منیجر پیمرا لاہور عمر خطاب ٬ سینئر انسپکٹر پیمرا لاہور سہیل احسان بھٹی ٬ انسپکٹر پیمرا میاں سہیل انور ٬مانیٹرنگ سپروائزر پیمرا لاہور عامر بھٹی ٬ضلع قصور کے کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیداران و مالکان اور صحافیوں نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایک عرصہ سے انڈین چینلز کے ذریعے پاکستان کی تہذیب و ثقافت کے خلاف یلغار جاری تھی جس کی وجہ سے پاکستان کے شہری باالخصوص معصوم بچے بری طرح متاثر ہو رہے تھے اور ضرورت اس امر کی تھی کہ معصوم ذہنوں پر ہونیوالی اس یلغار کو روکا جا سکے اور پاکستانی آرٹ اینڈ کلچر کا دفاع دیا جا سکے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں انڈین چینل پر پابندی کا قانون نیا نہیں ہے بلکہ یہ پہلے سے موجود ہے ۔پاکستانی چینلز ایک مخصوص حد تک غیر ملکی میڈیا کی کوریج کر سکتے ہیں اب اس قانون پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور خوشی کی بات یہ ہے کہ پاکستان بھر کے کیبل آپریٹرز نے اس حکومتی اقدام کی بھرپور حمایت کی ہے اور حکومت کو اپنی جانب سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے ۔

انہوں نے ضلع قصور کے کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیداروںکا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں اپنی جانب سے بھرپور تعاون کا یقین دلایااور کہا کہ ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائینگے ۔اس موقع پر ضلع قصور کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے کہا کہ ضلع قصور کے تمام کیبل آپریٹرز جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہیں اور وہ پیمرا کی جانب سے انڈین چینلز پر لگائی جانیوالی پابندی کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں