ڈی سی او عمارہ خان کے زیر صدارت ہیلتھ کونسل برائے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا اجلاس

ڈی ایچ کیو ہسپتال کیلئے تمام ضروری آلات و دیگر اشیاء خریدنے کا فیصلہ ‘عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے ‘ڈی سی او عمارہ خان

منگل 25 اکتوبر 2016 18:22

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2016ء)ڈی سی او قصور عمارہ خان کے زیر صدارت ہیلتھ کونسل برائے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا۔ جس میں ایم پی ایز حاجی نعیم صفدر انصاری ٬ یعقوب ندیم سیٹھی ٬ ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر نصیر احمد کاہلو‘ای ڈی او ورکس اینڈ سروسز نسیم اختر٬ میڈیکل سپریٹنڈنٹ ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر جاوید اقبال ٬ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ناصر اسلام خان ٬ ڈپٹی ڈی او سوشل ویلفیئر محمد اکبر رضا ٬ ایس ڈی او بلڈنگ چوہدری ریاض احمد اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ایم ایس نے بتایا کہ ہسپتال میں فوری طور پر فرشوں کی مرمت و رگڑائی ٬ وارڈز ‘دفاتر اور ہسپتال کی تزئین و آرائش ‘نئے پنکھوں کی تنصیب ‘مختلف واڈز میں موجود بیڈز کی مرمت اور روغن ‘واش رومز میں سوپ ڈسپنسر لگانے کی اشد ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

جس پر ڈی سی او قصور نے ہیلتھ کونسل کی مشاورت سے ہسپتال میں یہ سب کام کروانے کا حکم دیا ۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہسپتال کے تمام وارڈز میں موجود بیڈز کی نئی چادریں خریدی جائیں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ہسپتال کے تمام واش رومز میں لیکوڈ واش سوپ ہر وقت موجود ہو۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ہسپتال کے اندر انتظار گاہ میں جدید ایل ای ڈی لگائی جائے ۔اسی طرح ڈی ایچ کیو ہسپتال کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے نئے کمپیوٹرز اور یو پی ایس کی خریداری کیلئے تمام قانونی تقاضے پور ے کر کے خریداری کا حکم دیا گیا ۔

ڈی سی او عمارہ خان نے ہسپتال میں مختلف اشیاء خریدنے کیلئے صوبائی رکن اسمبلی حاجی نعیم صفدر انصاری ٬ ڈی ایم او اور ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال پر مشتمل سب کمیٹی تشکیل دی جو خریداری کے سارے عمل کی نگرانی کریگی ۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ہسپتال کی کالونی میں رہائش پذیر ملازمین سے فوری طور پر بجلی کے بلز وصول کئے جائیں اور بل ادا نہ کرنے والوں کی بجلی فوری طور پر منقطع کر دی جائے ۔ بعدازاں ہیلتھ کونسل ممبران نے ہسپتال کے مختلف وارڈز کا دورہ بھی کیا اور وہاں صفائی ستھرائی اور عوام الناس کو دی جانیوالی طبی سہولیات کا جائزہ لیا ۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں