صوبائی سیکرٹری ماحولیات کیپٹن ر(ر) سیف انجم کا قصور ٹینری ویسٹ مینجمنٹ ایجنسی کا دورہ ٬پلانٹ کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا

چربی پگھلانے والے یونٹ کو فوری طور پر فنکشنل کرنے کیلئے اقدامات کرنیکی ہدایت ‘عوام کو ماحولیاتی آلودگی سے بچانے کیلئے جلد واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کو فعال کیا جائیگا ‘صوبائی سیکرٹری کیپٹن (ر) سیف انجم

جمعہ 21 اکتوبر 2016 17:32

قصور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2016ء)صوبائی سیکرٹری ماحولیات کیپٹن (ر) سیف انجم کا قصور ٹینری ویسٹ مینجمنٹ ایجنسی کا دورہ ٬پلانٹ کی کارکردگی اوراس کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا ‘چربی پگھلانے والے یونٹ کو فوری طور پر فنکشنل کرنے کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت ۔تفصیل کے مطابق صوبائی سیکرٹری ماحولیات کیپٹن (ر) سیف انجم نے گزشتہ روز کے ٹی ڈبلیو ایم اے کا دورہ کیا اس موقع پر انکے ہمراہ ڈی سی او قصور عمارہ خان ٬ ڈائریکٹر جنرل ماحولیات ڈاکٹر جاوید اقبال ‘ڈی او ماحولیات شیخ فہیم نسیم ٬ پلانٹ منیجر جہانزیب ٹیپو اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔

صوبائی سیکرٹری ماحولیات نے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے دورہ کے موقع پر تمام مشینری اور چربی پگھلانے والے یونٹ Fat Extraction Unit))کا تفصیلاً جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ اس پلانٹ کو مکمل طور پر فنکشنل بنانے کیلئے ایک جامع پروگرام ترتیب دیں تا کہ عوام کو ماحولیاتی آلودگی سے بچایا جا سکے ۔

(جاری ہے)

سیکرٹری ماحولیات کو اس موقع پر بتایا گیا کہ یہ پلانٹ ماحولیاتی آلودگی سے بچانے کیلئے ایک منفرد منصوبہ ہے مگر اس کو مختلف قسم کے مسائل درپیش ہیں جن کی وجہ سے اس کی کارکردگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے ۔

یہاں پر کام کرنے والے ملازمین کا سروس سٹیکچر نہ ہونے کی وجہ سے ٹیکنیکل سٹاف کی شدید قلت ہے ۔جس پر صوبائی سیکرٹری نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ اس پلانٹ کو درپیش تمام مسائل کا جائزہ لیکر ایک رپورٹ کریں تا کہ انکے حل کیلئے حکمت عملی طے کی جا سکے ۔ انہوں نے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایک شفاف نظام کے تحت اس قسم کے پلانٹ چلانے والے تجربہ کار لوگوں سے مشاورت کی اشد ضرورت ہے تاکہ اسے فنکشنل کیا جا سکے ۔

صوبائی سیکرٹری نے ہدایت کی کہ یونیڈو حکام سے مشاورت کر کے چربی پگھلانے والے یونٹ کو فوری طور پر چلانے کیلئے اقدامات کئے جائیں ۔انہوں نے ٹینریز مالکان سے بلز کی ادائیگی کو یقینی بنانے کیلئے تمام ٹینریز کا سروے کر کے وہاں سمارٹ میٹرز لگانے اور ڈیفالٹر ٹینریز کے خلاف سخت ایکشن لینے کی ہدایت کی ۔ قبل ازیں صوبائی سیکرٹری ماحولیات کیپٹن (ر) سیف انجم کے زیر صدارت ڈی سی او کمیٹی روم میں اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں ڈی سی او قصور سمیت تمام متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔ اجلاس میں واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کو درپیش مسائل اورانکے ممکنہ حل کا جائزہ لیا گیا ۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں