ضلع قصور امن کا گہوارہ ہے ‘شرپسندوں کو امن و امان خراب نہیں کرنے دینگے ‘ محرم الحرام کا مقدس مہینہ ہمیں محبت ‘اخوت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے ‘ضلعی انتظامیہ محرم الحرام میں امن و امان کی صورتحال کو قائم رکھنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے‘ڈی سی او عمارہ خان اور ڈی پی او سید علی ناصر رضوی کا پریس کلب میں امن کنونشن سے خطاب

بدھ 5 اکتوبر 2016 16:58

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔۔05 اکتوبر۔2016ء ) ضلع قصور امن کا گہوارہ ہے ‘شرپسندوں کو امن و امان خراب نہیں کرنے دیں گے جو شخص قانون کی خلاف ورزی کریگا اس کے خلاف بلا خوف و خطر قانونی کاروائی ہوگی ‘ محرم الحرام کا مقدس مہینہ ہمیں محبت ‘اخوت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے ‘ضلعی انتظامیہ محرم الحرام میں امن و امان کی صورتحال کو قائم رکھنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار ڈی سی او قصور عمارہ خان اور ڈی پی او سید علی ناصر رضوی نے گزشتہ روز پریس کلب میں ”امن کنونشن “سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ڈی سی او عمارہ خان نے خطاب کرتے ہوئے کیا کہ سلام بھائی چارے کا درس دیتا ہے ۔پاکستان ہمارے بزرگوں نے لاتعداد قربانیوں کے بعد حاصل کیا ہے اس لئے آج ہم سب کا یہ فرض بنتا ہے کہ ہم ان تمام وطن دشمن قوتوں کے خلاف صف آراء ہو جائیں جو پاکستان کو کمزور اور غیر مستحکم کرنا چاہتی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے باالخصوص شعبہ صحافت سے وابستہ افراد سے اپیل کی کہ وہ اس عظیم کام میں قوم کی رہنمائی کریں اور ایسے وطن دشمن عناصر کی نشاندہی کریں جو اپنے قول و فعل سے پاکستان کی جڑوں کو کھوکھلا کر رہے ہیں ۔ نوجوانوں سے مخاطب ہوتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ پاکستان کا مستقبل ہیں اور آنے والے وقت میں آپ نے پاکستان کی بھاگ دوڑ سنبھالنی ہے اس لئے آپ کا یہ فرض ہے کہ دن رات محنت کریں اور پاکستان کو ایک پر امن ‘مضبوط اور ترقی یافتہ ملک بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں ۔

انہوں نے واضح کیا کہ ضلعی حکومت امن وامان کو ہر صورت یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے ۔ ڈی پی او قصور سید علی ناصر رضوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب امن کے داعی ہیں امن کی خواہش رکھنا اور اس کیلئے عملی اقدامات کرنا ایک مثبت سوچ اور ایک نیک و اچھی نیت کی نشانی ہے ۔قصور پولیس کا ایک ایک جوان خدمت خلق کے جذبہ سے سرشار ہے اور انشاء اللہ ہم عوام کی جان و مال کی حفاظت کی خاطر اپنے خون کا آخری قطرہ تک بہا دینگے ۔

ڈی پی اوقصور نے ضلع بھر میں مذہبی ہم آہنگی ،امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اورجرائم کی روک تھام کے سلسلہ میں پولیس کیساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہونے اور امن کنونشن کروانے پر صحافی برادری کا شکریہ ادا کیا ۔ مقررین نے ضلع بھر میں امن وامان قائم رکھنے کیلئے ضلعی حکومت کی جانب سے کئے جانیوالے اقدامات کو سراہا اور انہیں عوام الناس باالخصوص صحافیوں کی جانب سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں