انسداد ڈینگی مہم میں غفلت بر تنے والوں کے خلا ف کا رر وائی کی جا ئے گی‘ ڈی سی او قصور عمارہ خان

بدھ 31 اگست 2016 13:38

قصور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 اگست - 2016ء) ڈینگی کے تدارک اور اسکی روک تھام کے حوالے سے ڈی سی او قصور عمارہ خان کی زیر صدارت تمام محکموں کی ہفتہ وار کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس کے دوران محکمہ صحت کے کے افسران نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تحصیل قصور کے ہیلتھ انسپکٹرز نے گزشتہ ہفتے کے دوران 209نوٹسز جاری کئے اور 19ایف آئی آرز درج کروائیں اسی طرح تحصیل کوٹ رادھاکشن میں 94نوٹسز 32ایف آئی آرز ‘تحصیل چونیاں میں 144نوٹسز 28ایف آئی آرز اور تحصیل پتوکی میں 244نوٹسز اور 15ایف آئی آرز درج کروائی گئی ہیں جس پر ڈی سی او نے انہیں اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی ۔

ڈینگی سیل کی جانب سے اس بات کی نشاندہی کی گئی کہ بعض ہیلتھ انسپکٹرز ایف آئی آرز اور سیلنگ کی ہارڈ کاپی ڈینگی سیل کو فراہم نہیں کرتے جس کی وجہ سے ریکارڈ مرتب کرنے میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس پرانہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر اپنی کارکردگی رپورٹ کی ہارڈ کاپی ڈینگی سیل کو جمع کروایا کریں ۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز اور ڈی او فشریز کی جانب سے مختلف جوہڑوں میں ڈینگی مچھر تلف کرنیوالی مچھلی چھوڑ نے کی رپورٹ پر ڈی سی او نے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ خود ان جوہڑوں کو وزٹ کر کے رپورٹ دیں ۔

اسی طرح ان جوہڑوں کے ارد گرد کے علاقوں کی مساجد میں اعلانات کروائے جائیں کہ جوہڑ میں چھوڑ ی گئی مچھلی مضر صحت ہے اور اسے پکڑنا جرم ہے ۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ڈینگی سرگرمیوں کی آگاہی کے حوالے سے این جی اوز کے ساتھ خصوصی میٹنگ کر کے انہیں متحرک کیا جائے جبکہ ای ڈی او ایجو کیشن سکولوں اور ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز تمام کالجز میں طلباء و طالبات کے لیے ڈینگی سے بچاؤ کے حوالے سے خصوصی تربیت کا اہتمام کریں ۔ انہوں نے کہا کہ فرائض میں غفلت بر تنے والوں کے خلا ف سخت کا رر وائی کی جا ئے گی۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں