عیدالاضحی کے موقع پر صفائی کے بہترین انتظامات کیلئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لا نے کی ہدا یت

جمعہ 26 اگست 2016 12:14

قصور۔26 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔26 اگست۔2016ء) ڈی سی او قصور عمارہ خان کے زیر صدارت عیدالاضحی کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس ڈی سی او آفس میں منعقد ہوا۔ جس میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر محمد شاہد اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔ انہو ں نے ضلع بھر میں مویشی منڈیوں کے قیام ‘وہاں بیوپاریوں اور عوام الناس کو دی جانیوالی سہولیات کا تفصیلاًجائزہ لیا ۔

ڈی سی اونے تمام اسسٹنٹ کمشنر ز کو ہدایت کی کہ وہ مویشی منڈیوں کیلئے اپنی اپنی تحصیلوں میں جگہ کا انتخاب کر کے جلد از جلد رپورٹ دیں تا کہ مویشی منڈیوں کیلئے مخصوص جگہوں کا باقاعدہ طور پر نوٹیفکیشن جاری کیا جائے ۔انہوں نے واضح کیا کہ اس سال گلی محلوں یا دیگر مقامات پر مویشوں کی خریدوفروخت کی ہرگز اجازت نہیں دی جائیگی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو حکم دیا کہ وہ مویشی منڈیوں میں صفائی ستھرائی ، سیکورٹی ،لاؤڈ سپیکر ، جانوروں کیلئے چارے اور پانی کی فراہمی ، متعلقہ محکموں کے کیمپس کے قیام کے بارے میں انتظامات کو حتمی شکل دیں ۔

انہوں نے تمام ٹی ایم اوز کو ہدایت کی کہ وہ عیدالاضحی کے موقع پر صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات کیلئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائیں اور اس سلسلے میں اپنی تمام ضروری مشینری کی مرمت و خریدوفروخت کو جلد مکمل کریں ۔انہوں نے ڈی او لائیو سٹاک کو ہدایت کی کہ وہ ضلع میں کانگو وائرس سے بچاؤ کیلئے خصوصی کیمپ لگائیں اور باالخصوص عیدالاضحی کے موقع پر ضلع میں داخل اور خارج ہونیوالے تمام جانوروں پر کانگو وائرس اور دیگر بیماریوں سے بچاؤ کیلئے سپرے کریں ۔

اسی طرح تمام مویشی منڈیوں میں بھی کیمپ لگائے جائیں جہاں پر لائیو سٹاک کا عملہ چوبیس گھنٹے موجود رہے گا۔ ڈی سی او نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عیدالاضحی ایک مذہبی تہوار ہے اس لئے انتظامات میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہ کی جائیگی ۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں