اسسٹنٹ کمشنر قصور آمنہ رفیق کا کانگو وائرس سے بچاؤ کیلئے مصطفی آباد میں قائم کیمپ کا دورہ

Mohammad Ali IPA محمد علی جمعرات 25 اگست 2016 19:29

مصطفی آباد/للیانی(اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی 25 اگست۔2016ء ) ڈی سی او قصور عمارہ خان کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں اسسٹنٹ کمشنر قصور آمنہ رفیق کا کانگو وائرس سے بچاؤ کیلئے مصطفی آباد میں قائم کیمپ کا دورہ ‘وہاں پر دی جانیوالی سہولیات کا جائزہ لیا ‘شہر میں آنے اور جانیوالے تمام جانوروں پر کانگو وائرس سے بچاؤ کیلئے سپرے کیا جائے، محکمہ لائیو سٹاک کے عملے کو ہدایت ،تفصیلات کیمطابق اسسٹنٹ کمشنر قصور آمنہ رفیق نے گزشتہ روز ڈی او لائیو سٹاک ڈاکٹر خالد بشیر کے ہمراہ محکمہ لائیو سٹاک کی جانب سے مصطفی آباد میں قائم کانگو وائرس سے بچاؤ کیلئے لگائے گئے کیمپ کا دورہ کیا اور وہاں پر تمام سہولیات کا جائزہ لیا ۔

اس موقع پر انہوں نے محکمہ لائیو سٹاک کے عملے کو ہدایت کی کہ وہ مویشی پال حضرات کو کانگو وائرس سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر سے آگاہ کریں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ شہر میں داخل اور باہر جانے والے جانوروں پر کانگو وائرس سے بچاؤ کیلئے سپرے کیا جائے اور جس بھی گاڑی یا ٹرک میں موجود جانوروں کو سپرے کریں اس ٹرک یا گاڑی پر مخصوص سٹیکر ضرور لگائیں جو اس بات کی علامت ہو گا کہ اس گاڑی میں موجود جانوروں پر حفاظتی سپرے کر دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ کمشنر آمنہ رفیق نے بتایا کہ کانگو وائرس عوام الناس، مویشی پال حضرات اور ان کے جانوروں کی جان کا دشمن ہے جس سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں ۔انہوں نے مویشی پال حضرات سے اپیل کی کہ وہ ضلعی حکومت کی طرف سے کانگو وائرس سے بچاؤ کیلئے لگائے گئے کیمپس پر موجود محکمہ لائیو سٹاک کے عملے سے مکمل تعاون کریں ۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں