پنجاب حکومت کی خصوصی ہدایات ‘محکمہ لائیو سٹاک قصور نے کانگو وائرس کی روک تھام کیلئے اہم مقامات پر کیمپ قائم کر دیئے

عوام الناس اور مویشی پال حضرات کانگو وائرس سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں ‘ڈی او لائیو سٹاک ڈاکٹر خالد بشیر

منگل 23 اگست 2016 13:37

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 اگست ۔2016ء) پنجاب حکومت کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں محکمہ لائیو سٹاک قصور نے کانگو وائرس کی روک تھام کیلئے ضلع بھر میں بھر پور حفاظتی اقدامات کئے ہیں ‘ضلع کے تین اہم مقامات حبیب آباد،الٰہ آباد اور مصطفی آباد ٹول پلازہ پر محکمہ لائیوسٹاک کے کیمپ قائم کر دیئے گئے ہیں جہاں پر محکمہ لائیو سٹاک کا عملہ چوبیس گھنٹے موجود رہے گا اور ضلع قصور کی حدود میں داخل ہونیوالے اور باہر جانیوالے قربانی کے جانوروں پر کانگو وائرس سے بچاؤ کا سپرے کر کے اس ٹرک یا گاڑی پر ایک سٹیکر لگائے گا جو اس بات کی علامت ہو گا کہ اس گاڑی پر موجود جانوروں پر حفاظتی سپرے کر دیا گیا ہے۔

ڈسٹرکٹ آفیسر لائیو سٹاک قصور ڈاکٹر خالد بشیر کے مطابق محکمہ لائیو سٹاک کا عملہ روزانہ کی بنیاد پر چیچڑوں کے خاتمہ کیلئے جانوروں اور ان کے باڑوں پرسپرے کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

اور اب تک ضلع بھر میں تین ہزار سے زائد جانوروں کوچیچڑوں سے بچاؤ کی ٹریٹمنٹ دی جا چکی ہے ۔اس کے علاوہ پچاس سے زائد بڑے چھوٹے لائیو سٹاک فارمز پر چیچڑوں کے خاتمہ کیلئے سپرے کیا گیا ہے اسی طرح مویشی منڈیوں میں بھی ہفتہ وار سپرے کیا جا رہاہے۔

ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ڈاکٹر محمد عدیل سیال نے بتایا کہ کانگو وائرس عوام الناس، مویشی پال حضرات اور ان کے جانوروں کی جان کا دشمن ہے جس سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ منڈی میں آتے جاتے وقت چیچڑ سے محفوظ رہنے کیلئے احتیاطی تدابیراپنائیں ۔اسی طرح قصاب جانوروں کو ذبح کرتے اور گوشت بناتے وقت احتیاط کریں اور جانوروں کے خون سے خود کو آلودہ ہونے سے بچائیں۔انہوں نے مویشی پال حضرات سے اپیل کی کہ وہ عوام الناس اور اپنے مویشیوں کی حفاظت کیلئے محکمہ لائیو سٹاک کے عملہ سے تعاون کریں۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں