ون ویلنگ پر مکمل پابندی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی

Mohammad Ali IPA محمد علی منگل 26 جولائی 2016 20:13

قصور(اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی 26 جولائی ۔2016ء )ضلع قصور میں ون ویلنگ پر مکمل پابندی ہے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار ڈی پی اوقصور سید علی ناصررضوی نے گزشتہ روز مقامی صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ ون ویلنگ جان لیوا اور غیرقانونی فعل ہے جس کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گاون ویلنگ سے نہ صرف قیمتی جانوں کا ضیاع ہو نے کا خدشہ ہوتا ہے بلکہ کسی بڑے حادثہ کا باعث بھی بن سکتے ہیں اس حوالہ سے ضلع بھر میں ون ویلنگ میں ملوث افراد کے خلاف سخت ترین کریک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اس سلسلہ میں ضلع بھر کے اہم مقامات تمام داخلی و خارجی راستوں خاص طور پر مین شاہراہوں گنڈاسنگھ والا روڈ ،فیروز پور روڈ پکی حویلی ،ٹول پلازہ مصطفی آباد ،سٹیل باغ موڑ،رائیونڈ روڈ ،چھانگا مانگا جھیل روڈ ،چونیاں ،حبیب آباد،جمبر ،چاہ کلانوالا سمیت اہم مقامات پر ناکہ بندی کی جارہی ہے اور تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو اس سلسلہ میں تحریری مراسلہ بھی جاری کردیا گیا کہ ون ویلنگ کرنے والے نوجوانوں کو فوری گرفتار کیا جائے اور موٹرسائیکلوں کو قبضہ پولیس میں لیا جائے ۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں ضلع بھر کے تمام اہم مقامات پر ون ویلنگ کے نقصانات سے آگاہی کی بابت بینرز بھی آویزاں کیے جارہے ہیں جبکہ ٹریفک پولیس کے افسران کی مدد سے ون ویلنگ کی روک تھام کیلئے پمفلٹ بھی تقسیم کیے جارہے ہیں ۔ڈی پی اوقصور نے نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ دنیا میں سب سے بھاری بوجھ جوان اولاد کا جنازہ اٹھانا ہوتا ہے خدا کیلئے اپنے بوڑھے ماں باپ پر یہ بوجھ مت ڈالیں اور ان پر رحم کریں انہوں نے کہا ون ویلنگ اور ریسنگ موت ہے اس سے خود بھی بچیں اور دوسروں کو بھی بچائیں۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں