وزیر اعلی کی ہدایت پر ڈی ایچ کیو ہسپتال کو مثالی بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ‘ڈی سی او قصور

ایمرجنسی سمیت تمام شعبوں میں ڈاکٹر وں اور پیرامیڈیکل سٹاف کی حاضری کو ہر صورت یقینی بنایا جائیگا ‘فرائض میں غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائیگی ‘ڈی ایچ کیو ہسپتال کے اچانک دورہ کے موقع پر عمارہ خان کی گفتگو

منگل 12 جولائی 2016 20:11

قصور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 جولائی ۔2016ء ) ڈی سی او قصور عمارہ خان نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کو مثالی ہسپتال بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ‘ایمرجنسی سمیت تمام شعبوں میں ڈاکٹر وں اور پیرامیڈیکل سٹاف کی حاضری کو ہر صورت یقینی بنایا جائیگا ‘فرائض میں غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائیگی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈی ایچ کیو ہسپتال کے اچانک دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ڈی سی او قصور عمارہ خان نے ہسپتال میں آؤٹ ڈور ‘بچہ وارڈ ‘میڈیکل وارڈ ‘سرجیکل وارڈ ‘گائنی وارڈ ‘ایمرجنسی وارڈ ‘اپریشن تھیٹر ‘بلڈ بینک اور دیگر وارڈوں کا معائنہ کیا اور وہاں پر دی جانیوالی تمام طبی سہولیات کا تفصیلاً جائزہ لیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈی سی او نے خاص طور پر تمام وارڈ وں کے ایئر کنڈیشنز کو چیک کیا اور ایم ایس کو حکم دیا کہ جن وارڈوں کے ایئر کنڈیشز خراب ہیں وہاں فوری طور پر نئے ایئر کنڈیشنز لگائے جائیں اور اس میں کسی قسم کی سستی ناقابل برداشت ہو گی ۔ انہوں نے اس موقع پر تمام وارڈوں کے ٹائٹلٹس میں ناقص صفائی پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ایم ایس کو ہدایت کی کہ ذمہ داروں کے خلاف فوری کاروائی عمل میں لائی جائے ۔

ڈی سی او عمارہ خان نے ٹی بی وارڈ کی پرانی بلڈنگ کا بھی معائنہ کیا اور ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ اس بلڈنگ کو جلد از جلد فنکشنل کیا جائے تا کہ ہسپتال میں مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر کسی دوسرے شعبے کو اس بلڈنگ میں شفٹ کیا جا سکے ۔ ڈی سی او نے اس موقع پر ٹی ایم او اور ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ہسپتال لان میں بارش کے کھڑے ہونیوالے پانی کا فوری طور پر نکاس کیا جائے تا کہ ہسپتال احاطہ میں صفائی کے ساتھ ساتھ کسی قسم کے مچھرکی افزائش ممکن نہ ہو سکے ۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں