ڈینگی سے چھٹکارا پانے کیلئے تمام افسران کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،عمارہ خان

Mohammad Ali IPA محمد علی پیر 13 جون 2016 18:37

قصور(اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔13جون۔2016ء ) ڈی سی او قصورعمارہ خان نے کہا ہے کہ ڈینگی سے چھٹکارا پانے کیلئے تمام افسران کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا‘سرویلنس کے کام کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ‘عوام الناس کو ڈینگی مچھر سے بچاؤ کیلئے زیادہ سے زیادہ آگاہی دی جائے ‘ڈینگی مچھر کے تدارک کیلئے کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی ۔

یہ بات انہوں نے گزشتہ روز ڈینگی تدارک اور اسکی روک تھام کے حوالے سے تمام ڈیپارٹمنٹس کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر تمام متعلقہ ضلعی افسران نے شرکت کی ۔ اجلاس کو ڈسٹرکٹ اینٹا مالوجسٹ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کہ ضلع بھر میں کل 132ہیلتھ سنٹر کام کر رہے ہیں اور 1565ملازمین ڈینگی سرویلنس کے کام میں مصروف ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ڈینگی آگاہی کے حوالے سے اب تک 5403سکول سیشن ‘2589کمیونٹی ایونٹس منعقد کئے جا چکے ہیں اسی طرح 578انڈور اور 113آؤٹ ڈور ٹیمیں ڈینگی روک تھام کیلئے مصروف عمل ہیں ۔بائیولوجیکل کنٹرول کے حوالے سے بتایا گیا کہ اب تک 190جوہڑوں میں 2لاکھ 57ہزار مچھلی کا بچہ چھوڑا گیا ہے ۔اس کے علاوہ اجلاس کو بتایا گیا کہ مختلف محکموں کی طرف سے ہفتہ وار رپورٹ موصول نہ ہوئی ہے جس پر ڈی سی او نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام محکمہ جات اپنی ہفتہ وار ڈینگی رپورٹ بروقت جمع کروائیں ورنہ انکے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائیگی ۔

ڈی سی او عمارہ خان نے کہا کہ تمام محکمے ڈینگی تدارک کے حوالے سے اپنی سرگرمیاں مسلسل جاری رکھیں کیونکہ ہم سب ملکر ہی اس ممکنہ آفت سے نبرد آزما ہو سکتے ہیں ۔ انہوں نے واضح کیا کہ ڈینگی کے حوالے سے کسی بھی محکمے یا فرد کی جانب سے غفلت ہرگز برداشت نہ کی جائیگی ۔ قبل ازیں ڈی سی اوقصور عمارہ خان اور ڈی پی او سید علی ناصر رضوی نے سبزی و فروٹ منڈی کا دورہ کیا اور مختلف اشیاء کی قیمتوں ، معیار اور کوالٹی کا جائزہ لیا

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں