پنجاب حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے دن رات کوشاں ہے‘چیئر مین پبلک فسیلیٹیشن کمیٹی ہیلتھ افضال حسین

نرسنگ سکول قصور کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائیگا‘نرسنگ سکول دورہ کے موقع پر گفتگو

جمعرات 26 مئی 2016 20:30

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 مئی۔2016ء ) پنجاب حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور دیگر مسائل کے حل کیلئے دن رات کوشاں ہے‘نرسنگ سکول قصور میں سٹاف کی کمی سمیت تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائیگا۔یہ بات چیئر مین پبلک فسیلیٹیشن کمیٹی برائے ہیلتھ افضال حسین نے نرسنگ سکول کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

اس موقع پر ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر شہناز نسیم ،پرنسپل نرسنگ سکول رقیہ بیگم ، نرسنگ انسٹریکٹر مسرت مجید ،مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین کی صدر میڈم صفیہ سعید اور سکول انتظامیہ کے اہلکار و نرسنگ اساتذہ بھی موجود تھیں۔ انہوں نے کہا کہ نرسنگ کا شعبہ صحت عامہ میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ نرسز کسی بھی قسم کے حالات میں ہراول دستے کا کردار ادا کر کے مریضوں کی زندگیوں کو بچانے کی سرتوڑ کوشش کرتی ہیں ۔

(جاری ہے)

نرسنگ ایثار ،قربانی ،ہمدردی اور محبت کے جذبے کا نام ہے جو ہر لحاظ سے قابل ستائش اور قابل فخر ہے اس لئے ان کی تعلیم و تربیت میں بہتری لا کر ملک و قوم کیلئے ان کی بے مثال خدمات میں نکھار لایا جا سکتا ہے ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اس شعبے سے وابستہ سٹوڈنٹس کو بہترین تعلیمی سہولیات کے ساتھ ساتھ ان کی اخلاقی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دی جائے ۔ اس موقع پر چیئر مین فسیلیٹیشن کمیٹی برائے ہیلتھ افضال حسین کو پرنسپل نرسنگ سکول نے ادارے میں جاری پروگرامز اور درپیش مسائل کے حوالے سے بریفنگ دی جس پر انہوں نے پرنسپل نرسنگ سکول ہذا کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں