بھارتی کرکٹ ٹیم انگلینڈ سے قبل رواں ماہ آئرلینڈ کے خلاف دو ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلے گی

جمعرات 31 مئی 2018 16:00

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 مئی2018ء) بھارتی کرکٹ ٹیم رواں ماہ میں دورہ انگلینڈ سے قبل آئرلینڈ کے خلاف دو ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ بھارتی ٹیم نے آخری بار 2007ئ میں آئرلینڈ کا دورہ کیا تھا اور مہمان ٹیم نے میزبان ٹیم کو واحد ون ڈے میچ میں شکست فاش سے دوچار کیا تھا جبکہ دونوں ٹیمیں ٹی ٹونٹی میں صرف ایک بار مدمقابل ہوئیں اور اس میں بھی بھارتی ٹیم فتح یاب رہی تھی۔

(جاری ہے)

بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی ٹیم 27 اور 29 جون کو ڈبلن میں آئرلینڈ کے خلاف دو ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ آئرلینڈ کے خلاف سیریز کھیلنے کے بعد بھارتی ٹیم دو ماہ طویل دورے پر انگلینڈ جائے گی جہاں پر وہ میزبان ٹیم کے خلاف تین ٹی ٹونٹی،، تین ون ڈے اور پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی، بھارتی ٹیم 3 جولائی کو پہلے ٹی ٹونٹی میچ سے دورہ انگلینڈ کا آغاز کرے گی، دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹی ٹونٹی 6 جبکہ تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی 8 جولائی کو کھیلا جائے گا، دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کے میچز 12 سے 17 جولائی جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا آغاز یکم اگست سے ہو گا۔

کرک میں شائع ہونے والی مزید خبریں