ضلعی انتظامیہ کرک نے بارشوں میں شہریوں کی جان و مال کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے کنٹرول روم قائم کردیا

جمعہ 2 مارچ 2018 20:15

کرک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مارچ2018ء) ضلعی انتظامیہ کرک نے برسات میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹانے کے لیے ضلع کی سطح پر کنٹرول روم قائم کردیا ہے۔ڈپٹی کمشنر کرک شفیع اللہ خان کے دفتر سے جاری اعلامیہ میں شہریوں کو بارشوں کے موسم میں چند احتیاطی تدابیر اپنانے کی تاکید کی گئی ہے جس سے ناصرف وہ خودبلکہ ان کے اہل وعیال بھی کسی ناخوشگوار واقعہ سے محفوظ رہیں گے جبکہ ان کی املاک بھی نقصان سے بچ سکیں گی ۔

اعلامیہ کے مطابق بجلی کی تاروں اور کھمبوں سے بارش کے موسم میں دور رہیں۔مال مویشیوں کو بجلی کے کھمبوں سے یاان کے قریب نہ باندیں۔کھڑے پانی یا سلپری روڈ پر گاڑی یا موٹر سائیکل چلاتے ہوئے خصوصی احتیاط کریں۔اسی طرح بارش کے دوران یا ایسے موسم میں بوسیدہ، خستہ حال عمارتوں یا گھروں سے دور رہیں۔

(جاری ہے)

اعلامیہ میں کہا گیاہے کہ شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال کے پیش نظراپنے گھروں میں ابتدائی طبی امداد اور دیگر ضروری سامان کی موجودگی یقینی بنائیںاور حکومت کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل کریں اور ان اقدامات سے باخبر رہنے کے لیے ریڈیو ، ٹی وی اورموبائل فون کے ذریعے متحرک رہیں۔

اعلامیہ میں ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ضلعی کنٹرول روم کے نمبر 0927-210825 پر اطلاع دیں جبکہ متعلقہ پٹواری یا VC/NCسیکرٹری سے بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

کرک میں شائع ہونے والی مزید خبریں