پی ایس ایل 3:بھارتی سٹے بازوں کی جانب سے تین ٹیموں کے کھلاڑیوں سے رابطے کا انکشاف

بھارت سے تعلق رکھنے والے سٹے باز اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکے

جمعہ 2 مارچ 2018 19:08

پی ایس ایل 3:بھارتی سٹے بازوں کی جانب سے تین ٹیموں کے کھلاڑیوں سے رابطے کا انکشاف
شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 مارچ2018ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ٹھوس اور مو ثر اقدامات کی وجہ سے انٹرنیشنل سٹے بازوں کے نیٹ ورک کی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کو بدنام کرنیکی ایک اور سازش ناکام ہوگئی ہے اور بھارت سے تعلق رکھنے والے سٹے باز اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکے۔تفصیلات کے مطابق دبئی میں پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے دوران سٹے بازوں نے سپاٹ فکسنگ کی ایک اور کوشش کی اور اس بار کھلاڑیوں سے رابطے کا ذریعہ سوشل میڈیا ویب سائٹس تھیں تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ نے انکی یہ کوشش ناکام بنا دی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے تفتیش کاروں نے انٹیلی جنس نیٹ ورک کے ذریعے جو شواہد حاصل کیے ہیں، اس کے مطابق ان سٹے بازوں کا تعلق بھارت اور بنگلہ دیش سے ہے جنہوں نے پاکستان سپر لیگ کے دوران کم از کم 3 ٹیموں کے کھلاڑیوں سے واٹس ایپ اور فیس ٹائم کے ذریعے رابطہ کیا تھا لیکن تینوں کرکٹرز نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری طور پر اس واقعے کو رپورٹ کردیا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ انکے پاس اس بات کے ٹھوس شواہد ہیں کہ دونوں سٹے باز دبئی میں دکھائی دیئے ہیں تاہم ابھی تک ٹیم ہوٹلوں سے دور ہیں۔انسداد کرپشن یونٹ نے تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں کو نئی بریفنگ میں بتایا کہ دونوں سٹے بازوں کی دبئی آمد کی اطلاع ہے، بریفنگ میں ایک سٹے باز کی تصویر دکھانے کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ان میں سے کوئی بھی شخص ٹیم ہوٹل کے ارد گرد دکھائی دے تو اس کی فوری رپورٹ پاکستان کرکٹ بورڈ کو کردی جائے۔دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے طور پر جو تحقیقات کی ہیں، اس کے مطابق دونوں سٹے بازوں کا تعلق انٹرنیشنل مافیا سے ہے اور دونوں آئی سی سی اور ٹیسٹ کھیلنے والے ملکوں کی فہرست میں بلیک لسٹ ہیں۔۔

متعلقہ عنوان :

کرک میں شائع ہونے والی مزید خبریں