جماعت اسلامی ملک سے کرپشن اور بدامنی کا خاتمہ کرکے پُرامن کراچی اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کا عزم رکھتی ہے،راشد نسیم

عوام سربلندی اسلام، پُرامن کراچی اور خوشحال پاکستان کے لئی25 جولائی کو کتاب کے نشان پر مہر لگائیں، نائب امیر جماعت اسلامی

اتوار 24 جون 2018 23:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جون2018ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور NA-254 سے متحدہ مجلس عمل کے امیدوار راشد نسیم نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ملک سے کرپشن اور بدامنی کا خاتمہ کرکے پُرامن کراچی اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کا عزم رکھتی ہے، عوام سربلندی اسلام، پُرامن کراچی اور خوشحال پاکستان کے لئی25 جولائی کو کتاب کے نشان پر مہر لگائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسحاق آباد، لیاقت آباد میں جماعت اسلامی زون لیاقت آباد کے ورکرز کنونشن، جامع مسجد رضوان فیڈرل بی ایریا بلاک 14 اور جامع مسجد نعمان فیڈرل بی ایریا بلاک 13 میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر PS-126 سے متحدہ مجلس عمل کے امیدوار فاروق نعمت اللہ بھی موجود تھے۔ راشد نسیم نے کہا کہمتحدہ مجلس عمل اقتدار میںآکر سودی نظام کو ختم کرے گی۔

(جاری ہے)

کراچی کی عوام نے اپنے ہی لوگوں کے ہاتھوں گزشتہ تیس سالوں میں جو ظلم سہے ہیں اس کی کوئی نظیرنہیں ملتی۔کراچی تبدیل ہو رہا ہے اور جب کراچی تبدیل ہوتا ہے تو پورا پاکستان تبدیل ہوجاتا ہے۔کراچی کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کے لیے مجلس عمل کا ساتھ دیا جائے، دینی جماعتوں کے اتحاد سے الیکشن مہم کو تقویت ملی ہے اور سیاسی کارکنوں کے حوصلے بڑھے ہیں، انہوں نے کہا کہ ووٹر دھاندلی اور ٹھپہ مافیا کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن جائیں گے اور کسی کو انتخابات کے نتائج تبدیل کرنے نہیں دیں گے۔

راشد نسیم نے کہا کہ سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان نے کم اختیارات کے باوجود شہر کراچی کی بے مثال خدمت کی اور کراچی کے شہریوں کے لیے پانی کا مسئلہ حل کیا اور مزید پانی کے حصو ل کے لیے K4منصوبہ شروع کیا جسے 2010میں مکمل ہونا تھا لیکن کرپٹ او ر نااہل قیادت کی وجہ سے آج تک مکمل نہ ہوسکا اور ابھی تک التواء کا شکار ہے ۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ بلدیاتی حکومت مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ نہیں، پیپلز پارٹی نے لاڑکانہ پر اربوں روپے خرچ کیے لیکن عملی طور پر لاڑکانہ کی صورتحال بدترین ہے ، سڑکیں تباہ حال ہے ،ملک کی دولت لوٹنے اور شہریوں کو بے وقوف بنانے کے سوا کچھ کیا ۔

PS-126 سے متحدہ مجلس عمل کے امیدوار اور سابق ٹائون ناظم گلبرگ فاروق نعمت اللہ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام 25 جولائی کو شہر کی ترقی کے لئے کتاب پر مہر لگائیں، شہر پر 30 سال سے قابض رہنے والوں نے روشنیوں کے شہر کو کھنڈرات میں تبدیل کر دیا ہے، جماعت اسلامی نے شہریوں کے بنیادی مسائل بجلی اور پانی کے لئے بھرپور احتجاج کیا اور اس لئے ہر فورم پر آواز اٹھائی ہے اور اب متحدہ مجلس عمل ہی کراچی کے عوام کے مسائل حل کرائے گی۔کراچی کے عوام انتخاب میں دیانت دار قیادت کو منتخب کریں اور کراچی کو دوبارہ روشنیوں کا شہر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ متحدہ مجلس عمل کے دیانت دار امیدواروں کو کامیاب بنا کر ظلم کے نظام کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ #

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں