طیب اردگان ترکی میں آج اسلام کے فتح کا جھنڈا لہرائیں گے ‘ معراج الہدیٰ

ایم ایم اے 25 جولائی کو انتخابات جیت کر ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کی راہ ہموار کرے گی ‘ تقریب عید ملن سے خطاب عوام حقیقی تبدیلی کیلئے انتخابات میں ایم ایم اے کو ووٹ دے‘ امیدوار پی ایس 129 حافظ نعیم الرحمن اور پی ایس 130 نسیم صدیقی

اتوار 24 جون 2018 22:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2018ء) امیر جماعت اسلامی سندھ و سینئر نائب صدر متحدہ مجلس عمل سندھ اور کراچی کے نامزد امید وار NA-256 ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی پہلے بھی کراچی سے قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستیں حاصل کر چکی ہے ، ہماری شہر کیلئے خدمت کی تاریخ ہے ، سراج الحق 6 بار کے پی کے کا بجٹ پیش کرنے کے باوجود اب بھی کرائے کے گھر میں رہتے ہیں ، کئی بار اسمبلیوں میں رہنے والے جماعت اسلامی کے قائدین اور رہنمائوں کی حیثیت میں کوئی تبدیلی نہیں آئی جبکہ سیاسی جماعتوں کے رہنما ایک بار منتخب ہونے کے بعد کرائے کے گھروں سے بنگلوں میں شفٹ ہوجاتے ہے ،ان شاء اللہ ترکی میں رجب طیب اردگان انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے 4 2 جون کو اسلام کے فتح کا جھنڈا لہرائیں گے اور 25 جولائی کو ایم ایم اے پاکستان میں اسلامی نظام کے نفاذ کی راہ ہموار کرے گی ، عوام ملک میں تعلیم ، امن اور حقیقی تبدیلی کیلئے انتخابات میں ایم ایم اے کو اقتدار میں لائیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوںنے جماعت اسلامی نارتھ ناظم آباد زون کے تحت تقریب عید ملین سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب سے امیر جماعت اسلامی کراچی و صدر متحدہ مجلس عمل کراچی اور نامزد امیدوار پی ایس 129 حافظ نعیم الرحمن ، امیر زون نارتھ ناظم آباد اور امیدوار پی ایس 130 نسیم صدیقی اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ، نائب امیر نارتھ ناظم آباد زون و نائب صدر جمعیت اتحاد علماء کراچی مولانا علی زمان کاشمیری اور دیگر بھی موجود تھے ۔

ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا کہ ملک میں سیکولر اور ملک دشمن ٹولہ قابض ہے ، ہمیں انہیں شکست دینا ہوگی ۔ داڑھی ، ٹوپی ، حجاب اور پردے کیلئے عوام کو اٹھنا ہوگا ، ایم ایم اے ملک میں امن و امان کے قیام ، سودی نظام کا خاتمہ ، اللہ اور اس کے رسول کے دین کے نفاذ کے لئے انتخابات میں حصہ لے رہی ہے ۔ ملک میں سودی نظام سے نجات پیپلز پارٹی ، ایم کیو ایم یا ن لیگ نہیں ، مذہبی جماعتیں دلا سکتی ہیں ۔

ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا کہ 1950 میں کراچی یونیورسٹی بنائی گئی ، جس وقت کراچی کی آبادی 5 لاکھ تھی ، اب کراچی کی آبادی ڈھائی کروڑ ہے ، لیکن اب بھی نوجوان نسل کے لئے شہر میں صرف ایک یونیورسٹی ہے ، حکومت نے کے الیکٹرک کو پرائیویٹ کرکے شہر کو اندھیروں میں دھکیل دیا ہے ، سابقہ حکومت ملک سے لوڈشیڈنگ ختم کر نے اور 18 ہزار میگاواٹ بجلی کی پیداوار میں اضافہ کے دعوے کرتی رہی ، لیکن حکمرانوں کے اقتدار میں آتے وقت بھی شہر کو 650 میگاواٹ بجلی ملتی تھی اور اب بھی اتنی ہی ملتی ہے ، شہر میں پانی کا مسئلہ بھی شدت اختیار کر چکا ہے ، جماعت اسلامی کے دور حکومت میں نعمت اللہ خان اور عبد الستار افغانی نے پانی کے حوالے سے ترقیاتی منصوبوں پر کام شروع کیا تھا ، اس کے بعد شہر پر چائنا کٹنگ والے آگئے اور شہر میں ترقی کا سفر رک گیا ، اگر یہ لوگ دوبارہ سے اقتدار میں آگئے تو سوائے محرومیوں اور چائنا کٹنگ کے عوام کو کچھ بھی نہیں دیں گے ۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ایم ایم اے کے اتحاد سے تمام مذہبی جماعتوں کے کارکنان اور حامیوں کو شہر میں تبدیلی کی امید کی کرن نظر آ رہی ہے ، کراچی بھر میں دیگر سیاسی جماعتیں خوف زدہ ہیں اور اپنی انتخابی مہم نہیں چلا رہی ہے ، کیونکہ آج ہر مسجد میں ایم ایم اے کی حمایت میں بات ہو رہی ہے ، این اے 256 سے ہماری کامیابی کے قوی امکانات ہیں ، پورے پاکستان میں حلقہ خواتین کا سب سے زیادہ مضبوط حلقہ نارتھ ناظم آباد ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں اسلامی تحریکیں انتخابات کے ذریعے ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کیلئے جدوجہد کر رہی ہے اور الیکشن میں حصہ لے رہی ہیں ۔ ملک میں الیکشن کھرب پتی کاروباری افراد ، وڈیروں ، جاگیرداروں ، زرداری ، عمران اور نواز کے انتخابات جیتنے کے لئے ہوتے ہیں ، عوام نظام کی تبدیلی کے لئے ایم ایم اے کو ووٹ دے ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ رمضان کے بعد عید الفطر پرہمارے گناہ معاف فرماتے ہیں ۔

نسیم صدیقی نے کہا کہ پاکستان عالم اسلام کے مسلمانوں کی پناہ گاہ ہے ، پاکستان کی اہمیت سے اسرائیل ، بھارت اور امریکا واقف ہے ، وہ جانتے ہیں کہ پاکستان کے سلامت رہنے تک وہ اپنے ناپاک مقاصد میں کامیاب نہیں ہوسکتے ہیں ، دینی جماعتوں کے اتحاد کو نا کام بنانے کیلئے سیکولر اور ملک دشمن لابی سازشیں کر رہی ہے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں